قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عدم اعتماد ہمارے پاس آپشن ہے، اس پر تفصیل سے بات ہوئی ہے، ہمیں تمام آئینی، سیاسی اور قانونی آپشز پر عمل درآمد کرنا ہوگا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ اس پر بات ہوئی ہے کہ دونوں لانگ مارچ میں کس طرح ہم آہنگی ہو سکتی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے لچک دکھائی، ہم تجاویز اپنی پارٹی اور پی ڈی ایم میں لے کر جائیں گے۔
صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ عدم اعتماد کے آپشن پر سنجیدگی سے گفتگو کی گئی، اگلے چند دنوں پی ڈی ایم میں اس پر بات کریں گے، عدم اعتماد پر نواز شریف اور پارٹی کی سینٹرل کمیٹی فیصلہ کرے گی۔
ایک سوال کے جواب میں شہباز شریف نے کہا کہ کیا ہم ساڑھے تین سال سے سگنلز پر چل رہے ہیں، ساری بات ابھی بتادوں تو کہانی ختم ہوجائے گی۔
قائد حزب اختلاف نے کہا کہ ٹوٹے ہوئے دل مل جاتے ہیں، فکر نہ کریں، میں بیچ میں کھڑا ہوں، دل جڑ گئے ہیں۔
اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے پی ڈی ایم کے لانگ مارچ کا خیر مقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ عمران خان کو ہٹانے کے لیے ہم ہر قدم اٹھانے کو تیار ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ماضی کے اختلافات کے باوجود ہم بڑا قدم اٹھانے کے لیے اکھٹے ہیں۔
Comments are closed.