سابق وزیر خارجہ اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ محمد آصف نے دعویٰ کیا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کے لیے ہماری ساری ایکسرسائز مکمل ہوگئی ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کے دوران خواجہ محمد آصف نے کہا کہ ہماری ایکسرسائز مکمل ہوچکی، عدم اعتماد کےلیے ہمارے نمبر پورے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کل ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی سے فیصلوں کی توثیق لینی ہے، جس کے بعد ساری پوزیشن واضح ہوجائے گی۔
ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی رہنما علیم خان کی منزل مقصود میری نظر میں ابھی تک واضح نہیں، وہ رابطہ کرتے ہیں تو ہم سوچیں گے کہ ان کے ساتھ کتنے لوگ ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین کی معرفت سے بھی ہم سے لوگوں نے رابطے کیے ہیں، انتشار اتنا بڑھ جائے گا کہ عمران خان کی بڑھکیں اس میں ڈوب جائیں گی۔
خواجہ محمد آصف نے یہ بھی کہا کہ یہ لغو زبان بولتے ہیں، نام بگاڑتے ہیں اور اسی زبان سے ریاست مدینہ کا نام لیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میرا اندازہ یہی ہے کہ ادارے نیوٹرل ہوگئے ہیں اور عمران خان بوجھ بن گئے ہیں۔
سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ اسرائیل، بھارت سے فنڈنگ لیتے ہیں اور بین الاقوامی سازش کا الزام لگاتےہیں۔
Comments are closed.