پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ ہم ووٹ کو عزت دو کے بیانیے پر کھڑے تھے، ن لیگ کو عدم اعتماد پر پیپلز پارٹی نے قائل کیا۔
جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کے دوران طلال چوہدری نے کہا کہ نواز شریف کی کارکردگی کا مقابلہ نہیں ہے۔ عوام کا اگلا ووٹ بھی ن لیگی قائد کو ملنے جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پوچھتا ہوں نواز شریف کو کونسی سہولت ملی ہے؟ وہ تو آج بھی پیشیاں بھگت رہے ہیں، ن لیگی قائد عوام کے لاڈلے ہیں۔
طلال چوہدری نے مزید کہا کہ ہم ووٹ کو عزت دو کے بیانیہ پر کھڑے تھے، ہم نہیں چاہتے تھے کہ عدم اعتماد ہو، عدم اعتماد پر ہمیں پیپلز پارٹی نے قائل کیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان کا مسئلہ غریب کے چولہے کا ہے۔ ہم نے لوگوں کے مسائل کو ترجیح دی، کیا غلط کیا؟ ہمارے بیانیہ کا مرکزی نکتہ عام آدمی کی زندگی آسان بنانا ہے۔
ن لیگی رہنما نے یہ بھی کہا کہ ہم نے جدوجہد کر کے اداروں کو ان کے دائرے میں دھکیلا ہے، ہمارے پاس آپشن تھا کہ احتساب کا نعرہ لگائیں اور دوسری طرف غریب کا چولہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو 10 سال کی کارکردگی کا موازنہ کریں۔ نواز شریف اپنے مؤقف سے نہیں ہٹے، پاکستان یہاں تک آر ٹی ایس بٹھانے سے پہنچا۔
طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ جعلی جھوٹے بیانیہ زیادہ دیر نہیں چلتے، حکومت کے پاس اختیار بھی ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ چھوٹی پارٹیو ں کو قومی دھارے میں ساتھ لے کر چلنا چاہیے، بلوچستان، سندھ اور کے پی کی چھوٹی پارٹیوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔
Comments are closed.