متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ جو پاکستان کے ساتھ ہوگا، ہم اُس کا ساتھ دیں گے۔
کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کے دوران خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ عدم اعتماد کی تحریک میں اپوزیشن اور حکومت دونوں میں سے جو پاکستان کے ساتھ ہوگا، اس کا ساتھ دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی حکومتوں سے نکلتے رہے، اب کتنی حکومتوں سے نکلیں گے۔
ایم کیو ایم سربراہ نے مزید کہا کہ ہمیں صرف نظر انداز کردیا جاتا تو تسلی ہو جاتی، ہم پر تو بڑی نظر رکھی گئی، ہمیں تو جینے ہی نہیں دیا گیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ جب تک ہر پاکستانی کو برابر کا حقدار نہیں سمجھا جائے گا ملک ترقی نہیں کرے گا، ایم کیو ایم میں سب قوموں سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں۔
خالد مقبول صدیقی نے یہ بھی کہا کہ ہمارا گناہ یہ تھا کہ ہم نے غریب اور مڈل کلاس کو ایوانوں میں بھیجا، ہم آج بھی مڈل کلاس کی نمائندہ تنظیم ہیں، جو بکے ہوئے ہیں، ہمیں اُن کی ضرورت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن سے بھی ملاقاتیں کیں، ان سے پوچھا وہ کیا تبدیلی لائیں گے، ہم نے عمران خان سے پوچھا کیا تبدیلی لائے ہیں۔
Comments are closed.