پیر 27؍شعبان المعظم 1444ھ20؍مارچ 2023ء

عدالت کا چوہدری وجاہت کو آج ہی شامل تفتیش کرنے کا حکم

انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) گوجرانوالہ نے چوہدری وجاہت کو آج ہی شامل تفتیش کرنے کا حکم دے دیا۔

سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کے چچا زاد بھائی چوہدری وجاہت کے خلاف گجرات تھانہ ککرالی میں درج مقدمے کی اے ٹی سی میں سماعت ہوئی۔

چوہدری وجاہت حسین اے ٹی سی گوجرانوالہ میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت تفتیشی آفیسر نے بتایا کہ چوہدری وجاہت اب تک شامل تفتیش نہیں ہوئے۔

چوہدری وجاہت حسین کے وکیل نے کہا کہ ہم تھانے گئے لیکن پولیس نے ہمیں شامل تفتیش نہیں کیا۔

عدالت نے حکم دیا کہ چوہدری وجاہت حسین کو آج ہی شامل تفتیش کیا جائے۔

عدالت نے مقدمے کی مزید سماعت 27 مارچ تک ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ چوہدری وجاہت اور موسیٰ الہٰی کے خلاف ایف آئی آر جنوری میں درج کی گئی تھی، مقدمے میں سول اسپتال کوٹلہ ارب علی خان میں تقریب میں جھگڑے کا الزام ہے۔

اے ٹی سی میں پیشی کے بعد چوہدری وجاہت حسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی قیادت اور کارکنوں کو ہراساں کیا جا رہا ہے۔

چوہدری وجاہت حسین کا کہنا ہے کہ آئندہ انتخابات میں عوام اس کا حساب کتاب کریں گے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.