ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری کا کہنا ہے کہ عدالت انہیں برطرف کر دے تو کر دے، لیکن وہ از خود استعفیٰ نہیں دیں گے۔
انہوں نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ اس وقت استعفیٰ دینے کا مطلب 12 کروڑ نفوس کے صوبہ کو ایک اور بڑے آئینی بحران میں دھکیلنے کے مترادف ہو گا۔
دوست مزاری نے کہا کہ پنجاب میری وجہ سے کسی آئینی بحران کا شکار نہیں ہو گا، عدالت مجھے برطرف کر دے تو کر دے، میں از خود استعفیٰ نہیں دوں گا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ کل رولز آف بزنس اور عدالتی احکامات کے مطابق ووٹنگ ہو گی
واضح رہے کہ آج مسلم لیگ ق اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی کی ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کے اختیارات بحال کرنے کے خلاف اپیلوں کی سماعت کے موقع پر ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی لاہور ہائی کورٹ میں پیش ہو ئے۔
گزشتہ روز ہونے والی سماعت کے موقع پر عدالت نے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری کو آج طلب کیا تھا۔
Comments are closed.