سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ قائد عوام عدالتی قتل کے بعد 43 سال سے عوام کے دلوں پر حکمرانی کر رہے ہیں۔
آصف علی زرداری نے اسلام آباد سے سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو شہید کے یوم پیدائش پر پیغام جاری کیا۔
انہوں نے کہا کہ قائد عوام 43 سال قبل عدالتی قتل کے بعد بھی عوام کے دلوں پر حکمرانی کر رہے ہیں۔
سابق صدر نے مزید کہا کہ قائد عوام نے عوام کو عزت سے سر اٹھا کر جینے کا سلیقہ سکھایا تھا، وہ انسانی آزادی کے بہت بڑے حامی، طرف دار اور وکیل تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھٹو شہید ایسے پاکستان کی تعمیر چاہتے تھے کہ کوئی دشمن پاکستان کو بری نظرسے نہ دیکھے۔
آصف علی زرداری نے یہ بھی کہا کہ جب پاکستان ترقی کی منزلیں طے کرنے لگا تو اقتدار کے لالچی ٹولے نے ملک پر قبضہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ کچھ خود غرض افراد نے ناجائز اقتدار کی خاطر پاکستان کو تختہ مشق بنایا، آج کے دن ہم اس عہد کی تجدید کرتے ہیں پاکستان کو باوقار ملک بنائیں گے۔
سابق صدر نے کہا کہ ہم بھٹو شہید کی امانت کی حفاظت کرتے رہیں گے، بینظیر بھٹو شہید قائد عوام کے پاکستان کی زنجیر تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اب بلاول بھٹو زرداری زنجیر ہیں، جو اپنے نانا کے پاکستان کی حفاظت کرتے رہیں گے۔
آصف زرداری نے کہا کہ بلاول بھٹو پاکستان کو دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کریں گے۔
Comments are closed.