حکومتی اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ترجمان حافظ حمد اللّٰہ نے کہا ہے کہ آج کے عدالتی فیصلے سے نظریہ سہولت کے ساتھ نظریہ محبت بھی جھلک رہا ہے۔
سپریم کورٹ کے فیصلے پر پی ڈی ایم ترجمان نے ردعمل دیا اور کہا کہ ہمیشہ لو اسٹوری پر مبنی فیصلوں نے ملکی سالمیت کو خطرات سے دوچار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے آج کے فیصلے سے سیاسی، آئینی اور عدالتی بحران میں مزید خوفناک اضافہ ہوگا۔
حافظ حمداللّٰہ نے مزید کہا کہ عدالت عظمیٰ نے انتخابات کا پورا شیڈول جاری کیا، جو الیکشن کمیشن کا کام ہے تو پھر نتائج کا اعلان بھی کرتے۔
ان کا کہنا تھا کہ پوچھتا ہوں کیا یہ بہتر نہیں کہ الیکشن کمیشن کو سپریم کورٹ میں ضم کردیا جائے؟
پی ڈی ایم ترجمان نے یہ بھی کہا کہ عجیب فیصلہ ہے، پنجاب میں الیکشن کروانا سپریم کورٹ کا کام ہے جبکہ خیبر پختونخوا میں انتخابات کروانا الیکشن کمیشن کا کام ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج کے فیصلے سے الیکشن کمیشن شہید ہوا، انا للّٰہ وانا الیہ راجعون، آج کا فیصلہ عدالتی تاریخ کے سیاہ فیصلوں میں شمار اور یاد کیا جائے گا۔
Comments are closed.