پشاور زلمی کے لیگ اسپنر عثمان قادر کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان سپر لیگ کے آئندہ ایڈیشن کے دوران سرپرائز ڈیلیوری متعارف کرانے کے لیے تیار ہیں۔
جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے 28 سالہ کرکٹر نے بتایا کہ جنوبی افریقا کے لیگ اسپنر عمران طاہر کے ساتھ دو سال گزارے، اس دوران ان سے بہت کچھ سیکھا، عمران طاہر سے سیکھی ہوئی باتوں پر بہت محنت کی ہے، پی ایس ایل میں فرق نظر آئے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران طاہر کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کرنا میرے لیے بہت بڑی بات ہے، انہوں نے مجھے کئی ٹپس دیے اور میں نے خود کو بہتر بنانے کے لیے اس پر کام کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میرے پاس پی ایس ایل 7 میں کرنے کے لیے کچھ نیا ہے، جس کی تفصیلات ابھی ظاہر نہیں کرسکتا، ورنہ دوسروں کو اندازہ ہوجائے گا۔
عثمان قادر نے کہا کہ خواہش ہے پی ایس ایل میں تمام میچز کھیلوں، کارکردگی بہتر ہوگی۔
قومی لیگ اسپنر نے کہا کہ میں پاکستان میں کرکٹ کو الوداع کہہ چکا تھا مگر لاہور قلندرز مجھے واپس لائے، تینوں فارمیٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنا چاہتا ہوں۔
نوجوان اسپنر کا کہنا تھا کہ والد نے وفات سے قبل کہا تھا کہ وہ سینے پر پاکستان کا اسٹار دیکھنا چاہتے ہیں، والد کی بات ہمیشہ ذہن میں رہی، فخر ہے کہ آج پاکستان کا پلیئر ہوں۔
انہوں نے آسٹریلیا سے ہونے والی سیریز پر کہا کہ وہ مضبوط حریف ہے لیکن اسے ٹف ٹائم دیں گے۔
Comments are closed.