وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کراچی کے 3 بڑے اسپتال رواں ماہ سندھ حکومت کو واپس دینے کا اعلان کردیا۔
کیماڑی میں گرلز کالج کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ جناح اسپتال، این آئی ایچ اور این آئی سی وی ڈی اِسی ماہ سندھ حکومت کو ملیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے 3 بڑے اسپتال اسی ماہ وفاق سے واپس سندھ کو مل جائیں گے، یہ اسپتال سندھ کی امانت تھے۔
عبدالقادر پٹیل نے مزید کہا کہ کیماڑی کی بڑھتی آبادی کی وجہ سے پانی کی کمی مسئلہ ہے، پی ٹی آئی کی حکومت نے 4 سال کے دوران کوئی منصوبہ نہیں دیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو عوام پر تباہی کےلیے مسلط کیا گیا تھا، آئینی طریقے سے پی ٹی آئی حکومت کا خاتمہ کیا۔
وفاقی وزیر صحت نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی کےخلاف عدم اعتماد نہیں لاتے تو ملک کے حالات مزید خراب ہوجاتے، ہم نے اپنے سیاسی مستقبل کو داؤ پر لگا کر حکومت کےخلاف عدم اعتماد پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں علم تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی ملک کو مزید تباہی کی جانب لے جارہے ہیں، پہلا وزیراعظم ہے، جسے آئینی طریقے سے گھر بھیجا گیا۔
عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں ہمیشہ سے وزیراعظم کو غیرآئینی طریقوں سے ہٹایا گیا، بھٹو کو پھانسی دی گئی نوازشریف کو نااہل کیا گیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو ملک کی تاریخ کا ایک مضبوط پاکستان ملا تھا، جہاز میں لوگوں کو بٹھا کر تمہاری حکومت قائم کی گئی تھی، چیئرمین پی ٹی آئی کو جھوٹا ثابت کرنے کےلیے اس کی پرانی تقاریر کافی ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو ملک کو تباہی کی جانب لے جانے کےلیے مسلط کیا گیا، اسرائیل چیخ رہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی تاریخ میں کبھی فوجی تنصیبات پر حملے نہیں کیے گئے۔ 9 مئی کو پلان کے تحت فوجی تنصیبات پر حملے کیے گئے، اس دن کے واقعے کے بعد پاکستان کا مذاق بنا۔
عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف سے معاہدے میں تاخیر سے ملک دیوالیہ کرنے کی کوشش کی۔
Comments are closed.