پاکستان تحریک انصاف کے رہنما، رکنِ قومی اسمبلی، ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے لودھراں سے تعلق رکھنے والی 18 سالہ سیدہ دانیہ شاہ سے تیسری شادی کرلی۔
ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے اپنی تیسری شادی کا اعلان ایک انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے کیا جس میں ان کے ہمراہ سیدہ دانیہ شاہ بھی موجود ہیں۔
عامر لیاقت نے بتایا کہ وہ گزشتہ شب سیدہ دانیہ شاہ سے رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے ہیں، انہوں نے بتایا کہ ان کی نئی اہلیہ کی عمر 18 برس ہے۔
49 سالہ عامر لیاقت نے بتایا کہ دانیہ شاہ کا تعلق ایک شریف گھرانے سے ہے اور وہ سرائیکی ہیں۔
انہوں نے یہ بھی لکھا کہ میں اپنے تمام خیر خواہوں سے درخواست کرنا چاہتا ہوں کہ ہمارے لیے دعا کریں، میں ابھی اندھیری سرنگ سے گزرا ہوں، یہ ایک غلط موڑ تھا۔
یاد رہے کہ عامر لیاقت سے گزشتہ روز انکی دوسری اہلیہ سیدہ طوبیٰ نے خلع لینے کا اعلان کیا تھا۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں طوبیٰ انور نے لکھا کہ ’میں بوجھل دل کے ساتھ اپنی زندگی میں آنے والی ایک تبدیلی کے حوالے سے تمام لوگوں کو آگاہ کرنا چاہتی ہوں جس سے میری فیملی اور قریبی دوست آگاہ ہیں، وہ یہ کہ 14 ماہ کی علیحدگی کے بعد یہ بات صاف تھی کہ اب مفاہمت اور صلح کی کوئی امید نہیں ہے لہٰذا مجھے خلع لینے کے لیے عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ لینا پڑا۔‘
طوبیٰ کا کہنا تھا کہ ’میں نہیں بتا سکتی کہ یہ عرصہ میرے لیے کتنا مشکل تھا تاہم مجھے اللّٰہ اور اس کے فیصلوں پر یقین ہے، میری آپ سب سے اپیل ہے کہ اس مشکل وقت میں میرے فیصلے کا احترام کریں۔‘
اس سے قبل سال 2020 میں عامر لیاقت کی پہلی اہلیہ بشریٰ اقبال نے بھی عامر لیاقت سے طلاق کی تصدیق کی تھی۔ بشریٰ اقبال سے عامر لیاقت کے دو بچے بھی ہیں۔
بشریٰ اقبال کا کہنا تھا کہ مجھے طلاق دینا ایک الگ بات ہے لیکن طوبیٰ کو کال پر لے کر اس کی درخواست پر ایسا کرنا میرے اور بچوں کے لیے بہت تکلیف دہ اور صدمے کی بات تھی۔
Comments are closed.