ملک کے مختلف شہروں میں خواتین کے عالمی دن کے موقع پر خواتین نے اپنےحقوق کے لیے مارچ کیا، ریلیاں نکالیں اور مطالبہ کیا کہ گھریلو تشدد، کاروکاری، جرگہ سسٹم، خواتین کی خریدوفروخت، جبری مذہب کی تبدیلی اور کم عمری میں شادی کے خلاف موجود قوانین پر سختی سے عمل کیا جائے۔
لاہور میں ایجرٹن روڈپر نادرا آفس سے فلیٹیز ہوٹل تک عورت مارچ کیا گیا، خواتین نے پلے کارڈز اٹھا کر اپنے حقوق کےحق میں نعرےبازی کی۔
شرکاء کا کہنا تھا کہ خواتین کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں اور ناانصافیوں پر سب کو احتجاج کرنا چاہیے، مارچ میں شریک خواتین نے گیت گا کر خواتین کے بنیادی حقوق پر روشنی ڈالی۔
حیدرآباد میں ویمن ایکشن فورم کی جانب سےشہباز چوک سے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی۔ عورت آزادی مارچ میں دیہی علاقوں سے تعلق رکھنے والی ہاری خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
ریلی سے وومن ایکشن کمیٹی کی رہنماؤں امر سندھو، عرفانہ ملاح اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں خواتین کو معاشی سماجی اور برابری کی بنیاد پر حقوق دیےجائیں۔
گھوٹکی کی تاریخ میں پہلی بار خواتین آزادی مارچ ریلی نکالی گئی۔ ریلی گھوٹکی سرکٹ ہاؤس سے پریس کلب تک گئی۔ ریلی کی قیادت ڈاکٹر عائشہ دھاریجو اور عالیہ بخشل نے کی۔
سکھر میں اسٹیپ فاؤنڈیشن کی ریلی میں دیہی علاقوں کی خواتین بڑی تعداد میں شریک ہوئیں۔ خواتین کے عالمی دن کےموقع پر وومن ایمپاورمنٹ سینٹر میں تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا۔
میرپورخاص میں جماعت اسلامی کی جانب سے حقوق نسواں مارچ کیا گیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ عورت کے حقوق کا ضامن اسلام ہے۔ اسلام عورت کے حق وراثت و ملکیت کا محافظ ہے۔
ملتان میں عورت مارچ ریلی نواں شہر چوک سے پریس کلب تک نکالی گئی۔ ریلی میں خواتین، سماجی کارکن، ٹرانسجینڈر اور وکلا بھی شریک ہوئے۔ زکریا یونیورسٹی میں بھی اسلامی جمعیت طلبہ کے زیراہتمام ریلی نکالی گئی۔
فیصل آباد میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام خواتین ونگ نے ضلع کونسل چوک سے کچہری بازار چوک تک ریلی نکالی ۔شرکا نےخواتین سے متعلق ہونے والےجرائم کے خلاف نعرے لگائے۔
مظفرگڑھ میں جماعت اسلامی شعبہ خواتین کی جانب سے مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ پاکستان میں خواتین تعلیم، صحت اور روزگار کے مساوی حقوق سے محروم ہیں، تمام حقوق دیے جائیں۔
مظفرآباد میں بھی خواتین نے آزادی چوک سے گھڑی پن چوک تک ریلی نکالی۔ خواتین نے جموں کشمیر پر غیر ملکی قبضے اور بھارتی مظالم کے خلاف بھی نعرے بھی لگائے۔
خواتین کے عالمی دن پر انڈونیشیا، فلپائن اور سری لنکا میں ریلیاں
خواتین کے عالمی دن کے موقع پر انڈونیشیا میں خواتین نے ریلی نکالی، خواتین مظاہرین نے حکومت سے گھریلو ملازمین سمیت خواتین مزدوروں کے لیے مساوی حقوق فراہم کرنے کامطالبہ کیا۔
فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں صدارتی محل کے قریب خواتین نے مظاہرہ کیا اور خواتین کارکنوں کی صورتحال کو بہتر بنانے پر زور دیا۔
سری لنکا میں معاشی بدحال سے پریشان خواتین نے ریلی نکالی۔
Comments are closed.