پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ عالمی دنیا کشمیر مظالم پر کب تک خاموش رہے گی؟، 5 اگست 2019 سے اب تک مقبوضہ کشمیر ایک جیل بنا ہوا ہے۔
سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر کئے گئے پیغام میں شیری رحمٰن نے کہا کہ 80 لاکھ سے زائد آبادی کو انسانی حقوق اور بنیادی سہولیات سے محروم رکھا جا رہا ہے، کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کی قراردادوں پر آج تک عمل نہیں ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج کا دن تمام کشمیر کے بہن اور بھائیوں سےاظہار یکجہتی کا دن ہے، شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی حکومت نے 1990 میں پہلی بار یوم یکجہتی کشمیر سرکاری طور پر منانے کا اعلان کیا تھا، تب سے 5 فروری کشمیری بہن بھائیوں کی لازوال جدوجہد کی حمایت اور تجدید عہد کے طور پر منایا جاتا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کو چاہئے کہ کشمیر کا کیس مسلسل اقوام متحدہ اور دیگر عالمی فورمز پر اٹھائے، صرف ایک تقریر سے کشمیر کا مقدمہ نہیں لڑا جا سکتا۔
شیری رحمٰن نے کہا کہ آپ نے 2 منٹ کی خاموشی کرنی تھی، آپ 2 سال 5 ماہ سے خاموش ہیں، کشمیر کے معاملے پر حکومت سنجیدگی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرے۔
Comments are closed.