عالمی بینک نے پاکستان ڈیویلپمنٹ اپ ڈیٹ رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق پاکستان میں معاشی بحران پر قابو پانے کےلیے پائیدار اصلاحات پر زور دیا گیا ہے۔
ورلڈ بینک کی اس رپورٹ کے مطابق پاکستان کو سست معاشی شرح نمو، بلند مہنگائی کا سامنا ہے۔ موجودہ مالی سال پاکستان کی معاشی شرح نمو صرف 0.4 فیصد رہنے کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق جون تک مہنگائی 29.5 فیصد کی بلند سطح پر رہے گی، مہنگائی کی وجہ توانائی اور خوراک کی قیمتوں میں اضافہ ہے۔
عالمی بینک نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ سُست معاشی سرگرمیوں کی وجہ اعتماد کا فقدان ہے، سُست معاشی سرگرمیوں کی وجہ درآمدات پر پابندیاں، سیلاب کی تباہی بھی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ سخت مالی پالیسی تاخیر سے اختیار کی گئی، ایکسچینج ریٹ کی غیر رسمی حد مقرر کرنے سے زرمبادلہ ذخائر میں کمی آئی۔
اس میں یہ بھی کہا گیا کہ سخت عالمی شرائط کی وجہ سے پاکستان کو سرمائے تک رسائی میں کمی آئی۔
عالمی بینک کے مطابق پاکستان کو عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) پروگرام کے جائزے کی تکمیل میں تاخیر کا سامنا ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ پاکستان کو قرضوں میں اضافے اور زرمبادلہ ذخائر میں تیزی سے کمی کا سامنا ہے۔
Comments are closed.