رواں ماہ امریکا میں ہونیوالی عالمی اسکریبل چیمپئن شپ میں پاکستان کی 6 رکنی ٹیم شرکت کرے گی۔ ویزا مسائل کی وجہ سے پاکستان کے چار اہم پلیئرز ایونٹ میں شرکت سے محروم رہ گئے۔
ورلڈ اسکریبل چیمپئن شپ 22 سے 25 جولائی تک لاس ویگاس میں ہوگی، ایونٹ میں پاکستان کی 6 رکنی ٹیم شرکت کرے گی جس کی سربراہی طارق پرویز کریں گے۔
دیگر کھلاڑیوں میں وسیم کھتری، عنایت اللّٰہ، حسان ہادی خان، حماد ہادی خان اور حشام ہادی خان شامل ہیں۔
طارق پرویز نے جیو نیوز کو بتایا کہ چار اہم پلیئرز ویزا مسائل کی وجہ سے ایونٹ میں شرکت سے محروم رہ گئے ہیں ان میں دانیال ثناء اللّٰہ، صہیب ثناء اللّٰہ، راشد خان اور علی راشد شامل ہیں۔
ان پلیئرز کو ویزا کے لیے انٹرویو کا وقت نہ مل سکا، کھلاڑیوں کو 2023 کی چیمپئن شپ کےلیے ویزا کے حصول کےلیے انٹرویو کی تاریخیں سال 2024 کی دی جارہی تھیں جس کی وجہ سے پاکستان کو اپنا دستہ محدود کرنا پڑا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جونیئر چیمپئنز علی سلمان اور عماد علی پڑھائی کے شیڈول کی وجہ سے ٹورنامنٹ سے دستبردار ہوئے۔
Comments are closed.