صدرِ مملکت عارف علوی اور وزیرِ اعظم شہباز شریف نے یومِ عاشور کے موقع پر جاری کیے گئے پیغام میں کہا ہے کہ عاشورہ محرم اسلامی تاریخ میں بہت اہمیت رکھتا ہے۔
اپنے پیغام میں عارف علوی نے کہا کہ یومِ عاشور عظیم تر مقصد کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کا درس دیتا ہے، شہادت امام حسین ؓ کا فلسفہ ظلم و جبر کے خلاف ہر قیمت پر ڈٹ جانا ہے۔
صدرِ مملکت کا کہنا ہے کہ حضرت امام حسین ؓ کے ساتھی ان کے شانہ بشانہ کھڑے تھے۔ یہ دن ہمیں وفاداری، راستبازی اور حق و انصاف کے لیے جدوجہد کرنے والوں کا ساتھ دینے کی اہمیت سکھاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین ؓ نے طاقت اور تعداد کم ہونے کے باوجود اسلام کے اصولوں، اقدار سے دستبردار ہونے سے انکار کیا، انہوں نے اسلام کی حقیقی تعلیمات کے تحفظ کے لیے اپنے خاندان اور ساتھیوں سمیت اپنی جان قربان کر دی۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ ایک یاد دہانی ہے کہ ہمیں معاشرے کی عظیم تر بھلائی اور انسانیت کی بہتری کے لیے ذاتی آسائشوں اور خواہشات کو ترک کر دینا چاہیے، آج حضرت امام حسین ؓ کا پیغام پوری دنیا کے مسلمانوں میں گونج رہا ہے۔
صدرِ مملکت نے کہا کہ عاشورہ کے موقع پر ہمیں مختلف مکاتب فکر کے درمیان مکالمے اور افہام و تفہیم کی اہمیت کو بھی یاد رکھنا چاہیے، تمام پاکستانیوں سے اپیل کرتا ہوں کہ متحد ہو کر اور اپنے اختلافات کو بھلا کر پاکستان کی ترقی کیلئے کام کریں۔
عارف علوی کا یہ بھی کہنا ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ ہمیں حضرت امام حسین ؓ کی قربانیوں سے سبق حاصل کرنے، ہمت، استقامت اور دلیری کے ساتھ آگے بڑھنے کی توفیق عطاء کرے۔
دوسری جانب وزیرِ اعظم شہباز شریف نے یومِ عاشور کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں کہا کہ یوم عاشور دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے گہری تاریخی اور روحانی اہمیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین ؓ نے اصحاب اور اہل بیت کے ساتھ کربلا کی جنگ میں ظلم، جبر اور ناانصافی کے خلاف ڈٹ کر مقابلہ کیا، ان کی قربانی ہمیں غیرمتزلزل ایمان، راستبازی اور انصاف کے حصول کا انمول سبق سکھاتی ہے۔
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ حضرت امام حسین ؓ کی قربانی کسی خاص وقت یا مقام تک محدود نہیں تھی، یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ظلم و جبر کے خلاف کھڑا ہونا ایک مسلمان کا اخلاقی فرض ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ہمیں حضرت امام حسین ؓ کی قربانی سے سبق حاصل کرنا چاہیے، مقاصد کے حصول کی راہ میں جو رکاوٹیں حائل ہوتی ہیں انہیں ثابت قدمی سے دور کیا جا سکتا ہے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ ہماری قوم اور امت مسلمہ پر رحم فرمائے، ہمیں اسلام کی تعلیمات اور حضرت امام حسین ؓ کی عظیم میراث پرثابت قدم رہنے کی توفیق عطاء فرمائے۔
Comments are closed.