سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ یہ عارضی صورتحال ہے، تمام مسائل حل کریں گے، پاکستان بڑی طاقت بن کر رہے گا۔
وہاڑی میں جلسے سے خطاب میں آصف علی زرداری نے کہا کہ جنوبی پنجاب میری اپنی دھرتی ہے، ہمیں یہاں کی محرومیوں کا پتہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب بھی پیپلز پارٹی کو موقع ملا جنوبی پنجاب کا خیال کیا ہے، ہمارا مقصد عوام اور قوم کی خدمت ہے۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ اونچ نیچ آتی رہتی ہے، آس پاس سارے امیر ملک ہیں تو ہم غریب کیسے ہوسکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاگل خان نے پاکستان اور معیشت کا خانہ خراب کیا ہے، وہ ملک کو دلدل میں پھنسا گیا ہے، بڑی مشکل سے اسے پار لگائیں گے۔
آصف علی زرداری نے یہ بھی کہا کہ ایسے بیوقوف کو لوگوں نے وزیراعظم بنوا دیا، جس کی سوچ نہیں تھی، وہ آج بھی ون ڈے کھیل رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قوم کی خدمت میں نہیں کروں گا تو بلاول کرے گا، آصفہ کرے گی، آپ فکر نہ کریں سب ٹھیک ہوجائے گا۔
سابق صدر کا کہنا تھا کہ گریجویشن کرنے والوں کو وظیفے دیں گے، اگر گنے کی قیمت نہیں بڑھائیں گے تو گنا لگے گا نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اللّٰہ نے اتنا زبردست ملک دیا ہے ہم سب اس ملک کو چلائیں گے، پاکستان کوئی پبلک لمیٹڈ کپمنی نہیں، دیوالیہ ہونا ایک عبوری مرحلہ ہے، اس سے فرق نہیں پڑتا، جاپان بھی دیوالیہ ہوا تھا۔
Comments are closed.