پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر عابد شیر علی نے این اے 102 فیصل آباد سے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے ہیں۔
ن لیگ کے امیدوار طاہر جمیل نے پی پی 115 پر کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں، وہ عابد شیر علی کے ہمراہ گھوڑوں پر سوار ہوکر آر او آفس پہنچے۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں عابد شیر علی نے کہا کہ شیر کا نشان بےشمار قربانیوں کا نشان ہے۔ عوام کی دعاؤں سے نواز شریف ایک بار پھر میدان عمل میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو اقامے کی بنیاد پر نااہل کیا گیا، ملک کو میٹرو، بجلی کی سہولت اور ترقی دینے والے ن لیگی قائد کو ملک بدر کیا گیا۔
عابد شیر علی نے مزید کہا کہ عوام کی دعاؤں سے نواز شریف پھر میدان عمل میں ہے، ملک کے عوام چوتھی بار پھر نواز شریف کو لا رہے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہم کوئی یوٹرن نہیں لیتے، یہ ترقی کی سیدھی موٹروے ہے، نواز شریف ملک کو ترقی اور خوشحالی کی طرف لے کر جائے گا۔
ن لیگی رہنما نے یہ بھی کہا کہ ہم 50 لاکھ نوکریوں اور گھروں کا وعدہ نہیں کریں گے بلکہ عملی اقدامات کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کا جرم کرنے والوں کو کسی صورت معافی نہیں ملے گی، 2018 میں آر ٹی ایس بٹھا کر ہمیں ہرایا گیا ہم نے شکوہ نہیں کیا۔
Comments are closed.