پاکستان کی معروف سماجی تنظیم جے ڈی سی کے سربراہ ظفر عباس کو امریکا، کینیڈا اور جاپان سے فنڈ ریزنگ کی دعوت موصول ہوئی اور وہ ان ممالک کے لیے عنقریب روانہ ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان خصوصاً کراچی میں غریبوں کی خدمت کرنے والے ظفر عباس نے بہت ہی کم عرصے میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں میں بھی اپنی ساکھ قائم کرلی ہے۔
یہی وجہ ہے کہ ان کے فلاحی منصوبوں جن میں بلڈ ٹرانسپلانٹ ہو یا دسترخوان، اجتماعی قربانی ہو یا بوڑھے افراد کے لیے اولڈ ہاؤس، قبرستان کی تیاری ہو یا ایمبولینس سروس یا غریب افراد کو ماہانہ راشن کا انتظام، ان تمام خدمات میں بیرون ملک مقیم پاکستانی بھی اپنا حصہ ڈالتے نظر آتے ہیں۔
ماضی میں ہونے والی بارشیں ہوں یا حالیہ بارشیں اس میں پھنسے شہریوں کی بھی جے ڈی سی کے پلیٹ فارم سے بھرپور مدد کی گئی ہے جبکہ کراچی شہر میں کرنٹ لگ کر ہلاک ہونے والے شہریوں کے لیے بھی ظفر عباس نے ہی آواز بلند کی ہے۔
کراچی جیسے شہر میں ہر روز 40 ہزار روٹیاں ان کی تنظیم کے تندوروں پر لگتی ہیں اور رنگ نسل اور مذہب کے فرق سے بالاتر ہوکر غریبوں میں تقیسم ہوتی ہیں۔
حال ہی میں حکومت نے ظفر عباس کا نام ہلالِ امتیاز جیسے صدارتی ایوارڈ کے لیے نامزد کیا ہے۔
ان ہی خدمات کو دیکھتے ہوئے امریکا، کینیڈا اور جاپان میں کام کرنے والی کئی تنظیموں نے ظفر عباس کو اپنے اپنے ممالک میں دوروں کی دعوت دی ہے تاکہ وہاں ظفر عباس اپنی تنظیم کے لیے عطیات جمع کرسکیں اور جے ڈی سی کو مزید غریب افراد کی فلاح و بہبود کے لیے استعمال کرسکیں۔
Comments are closed.