چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ امکان ہے کہ طوفان بپر جوائے 15 جون کی دوپہر کیٹی بندر کے قریب سے گزرے گا۔
انہوں نے بتایا ہے کہ طوفان کے باعث ٹھٹھہ اور سجاول سمیت5، 6 اضلاع میں تیز ہوا اور بارش کا امکان ہے۔
سردار سرفراز کے مطابق طوفان کے زیرِ اثر سمندر میں طغیانی رہے گی، جبکہ 14 جون کو گرد کے طوفان اور آندھی کا امکان ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ نےبتایا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کےباعث سمندری طوفانوں کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے، بپر جوائے کے ٹکرانے کے بعد اس کی شدت کم ہونے میں 3 سے 4 دن لگ سکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس طوفان کے باعث ٹھٹھہ، سجاول، بدین اور میرپور خاص میں 200 سے 300 ملی میٹر تک بارش ہو سکتی ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق ایک ہی اسپیل میں انتہائی شدت کی بارش کا امکان مسترد نہیں کیا جا سکتا۔
سردار سرفراز کا یہ بھی کہنا ہے کہ کراچی میں 50 سے 60 ملی میٹر یا اس سے بھی زائد بارش کا امکان رہے گا۔
دوسری جانب محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان بپر جوائے کراچی کے جنوب میں 600 کلو میٹر دور ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران شمال کی جانب بڑھ رہا ہے، جو ٹھٹھہ کے جنوب میں 580 کلو میٹر دور ہے۔
محکمۂ موسمیات کا یہ بھی کہنا ہے کہ 14 جون تک سمندری طوفان شمال کی جانب بڑھے گا، جبکہ 15 جون کی دوپہر کو یہ جنوب مشرق سندھ اور بھارتی گجرات کو عبور کرے گا۔
Comments are closed.