پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے سری لنکا کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں فاتحانہ آغاز کردیا اور آئی لینڈرز کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 6 وکٹوں سے شکست سے دوچار کردیا۔
گرین شرٹس نے 107 رنز کا ہدف کا 4 وکٹوں کے نقصان پر 18.2 اوورز میں پورا کر کے سیریز میں 0-1سے برتری حاصل کرلی۔ ندا ڈار 36 رنز بناکر ناقابل شکست رہیں۔ کپتان بسمہ معروف 28 رنز بناکر نمایاں رہیں۔ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ڈبییو کرنے والی طوبیٰ حسن نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ طوبیٰ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
ساؤتھ اینڈ کرکٹ گراؤنڈ ڈی ایچ اے میں کھیلے جانے والے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ پاکستانی بولرز نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے آئی لینڈرز کو جم کر کھیلنے نہ دیا۔
سری لنکن ٹیم 8 وکٹوں پر 106 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ مڈل آرڈر بیٹرز ہرشیتھا مادوی اور نیلاکشی ڈی سلوا نے 25، 25 رنز بنائے۔ وکٹ کیپر انوشکا سنجیوانی 16 رنز بناسکیں جبکہ انعم امین اور طوبیٰ حسن نے 3، 3 کھلاڑیوں کا شکار کیا، ایمن انور نے 2 وکٹیں لیں۔
میزبان ٹیم نے 107 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر 18.2 اوررز میں پورا کر کے پہلا میچ اپنے نام کیا اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز میں 0-1 سے برتری حاصل کرلی۔
ندا ڈار 36 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔ کپتان بسمہ معروف 28، منیبہ علی اور ارم جاوید نے 18، 18 رنز بنائے۔ عائشہ نسیم ایک رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں۔ گل فیروزہ کوئی رن نہ بناسکیں جبکہ مہمان ٹیم کی جانب سے اوشادی رانا سنگھے نے دو، سوگندیکا کماری اور کاویشا دلہری نے ایک۔ایک وکٹ لی۔
پاکستان ٹیم کی جانب سے گل فیروزہ اور طوبیٰ حسن نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ڈیبیو کیا۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرا میچ جمعرات کو ساؤتھ اینڈ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔
یاد رہے کہ 16 سال بعد سری لنکن ویمنز کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ کر رہی ہے اور دونوں کے درمیان پاکستان میں پہلی بار باہمی سیریز کھیلی جارہی ہے۔
سری لنکا کی ٹیم 06-2005 ایشیا کپ میں شرکت کرنے کے لیے پاکستان آئی تھی۔
Comments are closed.