پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری نے پیپلز پارٹی پر نان ایشو کو ایشو بنانے کا الزام لگادیا۔
جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کے دوران طلال چوہدری نے کہا کہ پیپلز پارٹی انتخابات کی بنیاد پر نان ایشوز کو ایشو بنا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کی وجہ سے سیاسی ماحول کو گرم کیا جارہا ہے، پنجاب میں ن لیگ کو کسی کی بھی ضرورت نہیں۔
ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ جو لوگ پارٹی میں آرہے ہیں، وہ غیر مشروط طور پر آرہے ہیں، اگر کوئی اور بھی ہماری پارٹی میں آنا چاہتا ہے تو آسکتا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ راجا ریاض نے اپنے بیانات کی نفی کر کے ن لیگ کی قیادت کو تسلیم کیا، سابق اپوزیشن لیڈر کے ذاتی بیانات پر کچھ نہیں کہہ سکتا۔
طلال چوہدری نے یہ بھی کہا کہ راجا ریاض کو پارٹی میں شامل کرنے کےلیے کسی کا دباؤ نہیں تھا، ابھی کسی کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ نہیں ہوا، ٹکٹ کا فیصلہ پارلیمانی بورڈ کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ ٹکٹوں کا فیصلہ ٹکٹ ہولڈر کے علاقائی اثر و رسوخ اور دیگر چیزوں کو دیکھ کر کیا جائے گا، اس وقت دیکھنا چاہیے کہ مسائل کا حل کس پارٹی کے پاس ہے؟
ن لیگی رہنما نے کہا کہ ہم نے پنجاب اسمبلی کے ضمنی انتخابات میں 20 ٹکٹ دیے لیکن نتائج اچھے نہیں آئے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہماری پارٹی میں سب کا الگ الگ مؤقف ہوسکتا ہے، پنجاب میں ہمیں کسی کی ضرورت نہیں، ایک ایک سیٹ پر 3، 3 لوگ ہیں۔
طلال چوہدری نے کہا کہ کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ کا مقابلہ کریں کونسی جماعت نے بہتر کام کیا، ہم نے مسائل کو حل کر کے دکھایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس غریب کی روٹی کے مسئلے کا حل ہے، بہترین لیڈر نواز شریف اور ان کی ٹیم ہے، ماضی کی بہت دور تک بات کرسکتا ہوں لیکن اس سے مسائل حل نہیں ہوں گے، ہمارے پاس معیشت کی بہتری اور مہنگائی کا حل موجود ہے۔
Comments are closed.