جمعہ30؍محرم الحرام 1445ھ18؍اگست 2023ء

طاہر محمود اشرفی کا قرآن پاک اور تورات نذر آتش کرنے والوں کو سزائیں دینے کا مطالبہ

چیئرمین پاکستان علماء کونسل طاہر محمود اشرفی نے قرآن پاک اور تورات نذر آتش کرنے والوں کو سزائیں دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان کے اسپیڈی ٹرائلز کئے جائیں۔

لاہور کی جامع مسجد بحریہ ٹاون میں خطبۂ جمعہ کے دوران طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ ہمارے نبی تو وہ ہیں جنہوں نے بیٹی کو تعظیم دی، بیٹیوں کو زندہ درگور کرنے سے روکا، ہمارے نبی تو رحمت اللعالمین ہیں۔ اگر کوئی شخص توہین قرآن یا توہین نبی کرتا ہے تو ہمیں تھانے جانا چاہئے خود ہی منصف نہیں بننا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری ذمہ داری ریاست کو اطلاع دینا ہے، بیرونی ملک میں اگر توہین مذہب ہو تو ہم احتجاج کرتے ہیں۔ جب ہمارے ملک میں گرجا گھرجلا دیئے جائیں تو کس سے جا کر بات کریں، مغربی دنیا کہے گی کہ پہلے اپنے گھر کی تو خبر لیں۔

علماء کونسل کے چیئرمین نے مزید کہا کہ ہمارا دین نرمی کا درس دیتا ہے، ڈنمارک میں قرآن مجید کی بے حرمتی کے خلاف مسیحی برادری ہمارے ساتھ کھڑی تھی، اسلامی تعلیمات یہ نہیں کہ گھر جلاؤ یا گھروں پر حملہ کرو۔

انہوں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ قرآن پاک اور تورات نذر آتش کرنے والوں کو سزائیں دی جائیں، ان کے اسپیڈی ٹرائلز کئے جائیں۔

خطبہ جمعہ میں طاہر محمود اشرفی نے اہل خانہ سے حسن سلوک اور رزق حلال کے حصول پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نحوست ذخیرہ اندوزی کرنے، جھوٹ بولنے اور ریاکاری کرنے میں ہے، نحوست ختم کرنی ہے تو گھروں میں رزق حلال لے کر جائیں، گھروں میں نحوست ختم کرنے کے لئے اہل خانہ سے حسن سلوک کیجئے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.