وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی طاہر اشرفی نے امارات کے سفارتخانے کا دورہ کیا، جہاں امارات کے سفیر حماد عبید الزاہبی سے ملاقات کی۔
طاہر اشرفی نے ابوظبی پر ڈرون حملے پر اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اماراتی قیادت سے رابطہ میں ہے، دونوں ملکوں کے تعلقات کو کوئی قوت کمزور نہیں کر سکتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈرون حملے میں ایک پاکستانی شہید اور 2 زخمی ہوئے ہیں۔
اس موقع پر امارات کے سفیر حماد عبید الزاہبی نے کہا کہ زخمیوں کا علاج کیا جا رہا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے دارالحکومت ابوظبی میں مشتبہ ڈرون حملے کیے گئے تھے، حملوں کے نتیجے میں آئل ٹینکرز میں دھماکوں سے ایک پاکستانی اور بھارتی شہری ہلاک اور 6 زخمی ہوئے تھے۔
دوسری جانب حوثی ملیشیا کے ترجمان کے مطابق امارات کے خلاف آپریشن شروع کردیا ہے اور جلد حملوں کے حوالے سے مزید معلومات فراہم کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ 2014ء سے یمن میں شروع ہونے والی خانہ جنگی میں اب تک ہزاروں افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ لاکھوں افراد قحط سالی شکار ہو رہے ہیں۔
Comments are closed.