بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

طالبان کا سرِ پل، قندوز پر قبضے کا دعویٰ، ’امریکی طیاروں کی شبرغان پر بمباری‘

طالبان کا سرِ پل اور قندوز پر قبضے کا دعویٰ، ’امریکی بی 52 طیاروں کی شبرغان پر بمباری‘

افغانستان

،تصویر کا ذریعہGetty Images

افغانستان میں طالبان کی جانب سے دو مزید صوبائی دارالحکومتوں سرِپل اور قندوز پر قبضے کا دعویٰ کیا گیا ہے تاہم باضابطیہ طور پر تاحال سرکاری سطح پر اس حوالے سے تصدیق نہیں کی گئی۔

قندوز میں افغان حکام کے ایک ذرائع نے بی بی سی کو طالبان کے اس دعوے کی تصدیق کی ہے۔ افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کی جانب سے اتوار کی صبح جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ اُن کے جنگجوؤں نے قندوز اور سرپُل پر مسلسل حملوں کے بعد آج صبح کنٹرول حاصل کر لیا ہے اور دونوں صوبائی دارالحکومتوں کے تمام سرکاری دفاتر ان کے قبضے میں ہیں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کندوز کی صوبائی کونسل کے رکن امرالدین ولی نے بتایا کہ ’شہر کے مختلف علاقوں کے چپے چپے میں شدید لڑائی جاری ہے۔‘

اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے قندوز کے رہائشی عبدالعزیز نے بتایا کہ ’طالبان شہر کے مرکزی سکوائر تک پہنچ چکے ہیں اور اس دوران ان پر فضائی بمباری ہو رہی ہے۔ ہر طرف افراتفری کا عالم ہے۔‘

اگر طالبان قندوز پر قابض ہونے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو یہ اب تک ان کے قبضے میں آنے والے اہم ترین صوبائی دارالحکومت میں سے ایک ہو گا۔

ملک کے زیادہ تر دیہی علاقوں کا کنٹرول پہلے ہی افغان فورسز کے ہاتھ سے نکل کر طالبان کے پاس جا چکا ہے اور اس وقت افغان فورسز ملک کے شہروں کا دفاع کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

گذشتہ روز صوبہ جوزجان کے دارالحکومت شبرغان پر طالبان کے قبضے کی سرکاری طور پر تصدیق کی گئی تھی جبکہ دو روز قبل طالبان نے جنوب مغربی صوبے نمروز کے صوبائی دارالحکومت زرنج پر بھی قبضہ کیا تھا۔

دوسری جانب افغان وزارت دفاع کے نائب ترجمان فواد امان نے دعویٰ کیا ہے کہ صوبہ جوزجان کے شہر شبرغان سے طالبان کا قبضہ واپس لینے کے لیے امریکی فضائیہ کے بی 52 لڑاکا طیاروں نے گذشتہ شام طالبان کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جس میں انھیں شدید نقصان پہنچایا گیا ہے۔

ان کی جانب سے ان فضائی حملوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ حملے ان کی پناہ گاہوں اور اجتماعات پر کیے گئے تھے جن میں 200 سے زیادہ دہشتگردوں کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔ اس کے علاوہ ان کے اسلحے اور سینکڑوں گاڑیوں کی تباہی کی اطلاعات بھی موجود ہیں۔

افغان

،تصویر کا کیپشن

افغانستان میں چھ اگست تک مختلف اضلاع میں کنٹرول کی صورتحال

طالبان نے ابھی تک اس واقعے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے تاہم طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کہا ہے کہ گروپ کے ارکان نے سنیچر کی سہ پہر گورنر آفس، پولیس ہیڈ کوارٹر اور جوزجان کے گورنر کے دفتر پر حملہ کیا تھا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ افغان سکیورٹی فورسز اور شہری باغی شہر سے فرار ہو چکے ہیں۔ طلوع نیوز کے مطابق اس وقت قندوز، سرِ پل، قندھار ، ہلمند ، بدخشان اور بلخ سے شدید لڑائی کی اطلاعات مل رہی ہیں۔

مشرق وسطیٰ میں امریکی سنٹرل کمانڈ کے ترجمان نکول فریرا نے بی بی سی کے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وہ ‘امریکی لڑاکا طیاروں کے مخصوص حملوں پر تبصرہ نہیں کر سکتے ، لیکن یہ کہ امریکی افواج نے افغان عوام کے دفاع میں حالیہ دنوں میں کئی فضائی حملے کیے ہیں۔’

افغان عوام 9/11 کے حملوں اور 2001 میں طالبان کے ٹھکانوں پر امریکی بمباری کی وجہ سے امریکی بی 52 فوجی طیاروں سے واقف ہیں۔

ان طیاروں کو عراق کے سابق صدر صدام حسین کی حکومت کا تختہ الٹنے اور ‘آپریشن انڈیورنگ فریڈم’ میں بھی استعمال کیا گیا تھا جو افغانستان میں طالبان کے زوال کا باعث بنے۔

بی 52

،تصویر کا ذریعہGetty Images

’جوزجان میں لڑائی جاری ہے‘

جوزجان سے پارلیمنٹ کی رکن حلیمہ صدف نے بی بی سی کو بتایا کہ شہر کی دوسری جانب سکیورٹی فورسز اور مسلح شہریوں کو تعینات کیا گیا ہے اور لڑائی ابھی جاری ہے۔

افغان وزارت داخلہ کے ترجمان میروائس ستانکزئی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز مقامی باغیوں اور تازہ فورسز کی مدد سے شبرغان شہر کو دوبارہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گی۔

جوزجان میں پڑوسی صوبہ بلخ سے دوسری شاہین کور پر مارٹر حملوں کی بھی اطلاعات ہیں۔ شمال مشرقی صوبوں تخار اور بدخشان میں بھی شدید لڑائی کی اطلاعات ملی ہیں اور تالقان اور اس کے ارد گرد لڑائی جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیے

صوبہ بدخشاں میں مقامی ذرائع نے بتایا کہ فیض آباد میں جھڑپوں میں چار سکیورٹی اہلکار ہلاک اور چار زخمی ہوئے جبکہ طالبان کی ہلاکت کی بھی خبریں سامنے آئی ہیں۔

جنوبی صوبے قندھار میں ساتویں ہیرو کور نے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے نویں ضلع میں ڈان، میوند اور تخت پل اضلاع کے ساتھ فضائی اور کلیئرنگ آپریشن شروع کیے ہیں۔

پڑوسی صوبے ہلمند میں بھی شدید لڑائی کی اطلاعات ہیں۔ دونوں فریقوں نے ایک دوسرے کے بھاری جانی نقصان کا دعویٰ بھی کیا ہے لیکن ان دعوؤں کو آزادانہ طور پر قبول نہیں کیا گیا ہے۔

یہ بھی اطلاعات ہیں کہ امریکہ نے افغان فورسز کی حمایت میں حالیہ دنوں میں ہرات سمیت افغانستان کے مختلف علاقوں میں طالبان کے ٹھکانوں پر حملے کیے ہیں۔

صوبہ جوزجان میں جنگ کے ساتھ ساتھ افغانستان بھر میں مختلف محاذوں پر حکومت اور طالبان کے درمیان شدید جھڑپیں ہو رہی ہیں۔

افغانستان

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشن

فلیپو گرانڈے نے خبردار کیا ہے کہ افغانستان میں بڑے پیمانے پر جبری نقل مکانی ملک میں سیاسی شکست کا نتیجہ ہے

جبری نقل مکانی ملک میں سیاسی شکست کا نتیجہ ہے: یو این ایچ سی آر

اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) نے افغانستان کی جنگ سے بے گھر ہونے والے لوگوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور افغان بحران کے فوری حل کا مطالبہ کیا ہے۔

فلیپو گرانڈے نے خبردار کیا ہے کہ افغانستان میں بڑے پیمانے پر جبری نقل مکانی ملک میں سیاسی شکست کا نتیجہ ہے۔

عبدالصمد ہلمند کے ان ہزاروں لوگوں میں سے ہیں جو حالیہ لڑائی سے اپنے پیاروں کو چھوڑنے پر مجبور ہوئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ لشکر گاہ میں لڑائی جاری ہے اور آدھے سے زیادہ خاندانوں کو حفاظت کے لیے ضلع میں بھیج دیا گیا ہے۔

ہلمند کے رہائشی نے بتایا کہ ہلمند میں لڑائی میں شدت آنے کے ساتھ ہی اشیائے خوردونوش کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔ افغانستان میں لڑائی کی تازہ لہر نے عام شہریوں کو ملک بھر میں پھنسا دیا ہے ، کچھ لوگ دن رات خشک زمین پر بھی رہتے ہیں۔

اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) نے کہا ہے کہ ملک میں جنگ کی وجہ سے افغانستان میں اندرونی طور پر بے گھر افراد (آئی ڈی پیز) کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔

فلپپو گرانڈے نے اپنے ٹوئٹر پیج پر لکھا ہے کہ افغانستان میں اندرونی طور پر بے گھر افراد (آئی ڈی پیز) اور ملک چھوڑنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔

طالبان

،تصویر کا ذریعہEPA

اقوام متحدہ کے سینئر عہدیدار نے افغانستان میں جاری جنگ کے فوری خاتمے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اگر موجودہ بحران کو جلد حل نہ کیا گیا تو بے گھر افراد کی ایک بڑی تعداد موجود ہو گی۔

دوسری جانب افغان مہاجرین کی وزارت کا کہنا ہے کہ گذشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال اندرونی طور پر بے گھر ہونے والوں کی تعداد دگنی ہو گئی ہے۔

وزارت کے مطابق، پچھلے چھ ماہ میں دو لاکھ افراد اپنے گھر چھوڑنے پر مجبور ہوئے ہیں۔

وزارت میں داخلی طور پر بے گھر افراد سے منسلک ادارے کی سربراہ مہر خدا صابر نے بی بی سی کو بتایا کہ صرف پچھلے مہینے میں 4000 خاندان لڑائی سے بے گھر ہوئے ہیں۔

’کئی صوبے، جیسے ہرات، جوزجان، نیمروز ، تخار اور کچھ دیگر میں وزارت اور بین الاقوامی امدادی ایجنسیوں نے سروے اور تنازعات سے بے گھر ہونے والوں کی مدد بند کر دی ہے۔‘

BBCUrdu.com بشکریہ
You might also like

Comments are closed.