پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ انہوں نے طاقتور حلقوں کے پاؤں پکڑنے کے بجائے عوام کے پاس جانے کا فیصلہ کیا۔
صحافیوں اور اینکر پرسنز سے ملاقات کے دوران عمران خان نے کہا کہ بجٹ کے بعد لگتا ہے حکومت ایک ڈیڑھ ماہ میں رخصت ہو جائے گی۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت کو آئی ایم ایف کسی صورت نہیں مانے گا، عالمی اداروں کو بھی موجودہ حکومت کی نااہلی کا پورا یقین ہے۔
عمران خان نے کہا کہ انہیں لگتا ہے طاقتور حلقے جاری سیاسی و معاشی بحران سے پریشان ہوچکے ہیں، موجودہ صورت حال سے نکلنے کا واحد راستہ انتخابات ہیں۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ کوئی یہ نہ سمجھے کہ لانگ مارچ ختم ہو گیا، سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پوری قوت سے لانگ مارچ اسلام آباد لائیں گے، ہمیں معاملات کا اندازہ ہے اور مقابلہ کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں، حکومت کے فسطائی ہتھکنڈوں کا بھر پور مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ساتھ دیگر اہم تعیناتیاں کی جا رہی ہیں، پنجاب پولیس میں بھی بڑے پیمانے پر تبادلے ہو رہے ہیں۔
Comments are closed.