پیر17؍شوال المکرم 1444ھ 8 مئی 2023ء

ضمنی بلدیاتی انتخابات: پیپلز پارٹی کی کامیابی پر مراد علی شاہ کا اظہار تشکر

ضمنی بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی کی کامیابی پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اظہار تشکر کرتے ہوئے صدر آصف زرداری، چیئرمین بلاول بھٹو اور جیالوں کو مبارکباد دی۔

ترجمان وزیر اعلیٰ سندھ عبدالرشید چنا کے مطابق سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی ہے اور یہ کامیابی عوام کا ہم پر بھرپور اعتماد ہے۔ 

ان کا کہنا ہے کہ شہر کراچی میں بغیر کسی تفریق کے پیپلز پارٹی نے ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے، کراچی کی سڑکیں، انڈر پاسز، فلائی اوورز، اسپتال اور نکاسی کے نظام کو ترجیحی بنیادوں پر تعمیر کیا۔

انہوں نے کہا کہ مردم شماری پر پاکستان پیپلز پارٹی نے عوامی مفاد میں واضح موقف رکھا، پیپلز پارٹی نے کراچی کے عوام کے حقوق کی جنگ کھلے دل سے لڑی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ کراچی میں امن و امان کی بحالی کے لئے پیپلز پارٹی نے بھرپور اقدامات اٹھائے جس کی وجہ سے شہر امن کا گہوارا ہے۔

انہوں نے شہر کراچی کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کراچی والوں کا شکرگزار ہوں، جنہوں نے اعتماد کیا اور مزید خدمت کرنے کا اختیار دیا۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ صوبے کے دیہی علاقوں میں سیلابی صورتحال میں پیپلز پارٹی قیادت اور حکومت عوام کے ساتھ رہی، کسانوں کی بحالی کے لئے ربیع کی فصل کے لئے بیج کی مد میں مالی معاونت کر کے ان کا ہاتھ بٹایا اور اب پاکستان پیپلز پارٹی گھروں کی تعمیر کا وعدہ بھی بھرپور طریقے سے نبھا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے جیالوں کو صوبہ ہے، کراچی کا میئر پیپلز پارٹی کا جیالا ہوگا جو اس شہر کی بھرپور خدمت کرے گا۔

انہوں نے بتایا کہ حیدر آباد، سکھر، میرپورخاص اور لاڑکانو کے میئر بھی پیپلز پارٹی کے جیالے ہونگے اور سندھ کے تمام ضلع کاؤنسل کےچیئرمین بھی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے جیالے ہونگے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.