وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات میں کوئی ادارہ مداخلت نہیں کررہا، الزام لگانا عمران خان کی عادت ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خان زادہ کے ساتھ میں بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان پہلے یہ بتائیں کہ دو ہزار اٹھارہ میں مسٹر ایکس کیا کر رہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ آزاد نقل و حرکت اور عزت ہر شہری کا ناقابل تنسیخ حق ہے، جو کسی پر بلاوجہ چلائے گا وہ شرارت کا مرتکب ہوگا، اس کے خلاف ایکشن لیں گے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں جن لوگوں نے خلاف ورزی کی ان کے خلاف سخت ایکشن ہوا۔ وہاں جو لوگ پکڑے جاتے ہیں ان کی پھر رہائی اور شنوائی نہیں ہوتی۔
رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن انتخابی مہم میں حصہ لینے پر جرمانے اور نوٹس بھیج رہا تھا، اس لیے وزرا نے استعفے دیے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ امیدواروں کے ناموں پر اپنے لوگوں کو مطمئن کرنا زیادہ بڑی مشکل تھی جو ہم حل کر چکے ہیں، بیس میں سے سولہ نشستیں جیت لیں گے۔
رانا ثناء اللّٰہ نے مزید کہا کہ بارہ تیرہ نشستوں پر تو ہم اتنے سکون سے ہیں کہ وہاں ہمارا پی ٹی آئی سے مقابلہ ہی نہیں ہے۔
Comments are closed.