جمعرات 24؍ذوالحجہ 1444ھ13؍جولائی 2023ء

ضلع کرم میں 7 روز سے جاری جھڑپیں ختم، امن معاہدہ ہوگیا

ضلع کرم میں 7 روز سے جاری جھڑپیں ختم ہوگئیں، فریقین میں امن معاہدہ ہوگیا۔ امن جرگہ میں فریقین نے ایک سال تک فائربندی معاہدے پر دستخط کردیے۔

وفاقی وزیر ساجد طوری نے کہا کہ فائر بندی کا معاہدہ نیک شگون ہے، معاہدے کی خلاف ورزی پر 14 کروڑ روپے جرمانہ ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ معاہدے کے تحت اصل مجرموں تک پہنچنے میں آسانی ہوگی، جہاں واردات ہوگی مجرموں کا پتہ لگا کر کارروائی کی جائے گی۔

ضلع کرم کے مختلف علاقوں میں زمین کے تنازعے پر جاری مسلح تصادم میں 9 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے جبکہ 51 زخمی ہوئے۔

صورتحال پر قابو پانے کیلئے خیبر پختونخوا حکومت نے ضلع کرم میں فوج اور ایف سی طلب کرلی تھی۔ صوبائی محکمہ داخلہ کے مطابق ضلع کرم میں امن و امان کی صورتحال معمول پر آنے تک فوج تعینات رہے گی۔

محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ متنازع زمین پر ضلعی انتظامیہ نے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے، تنازع کے خاتمے کیلئے لینڈ کمیشن نے گزشتہ ماہ دو مرتبہ ضلع کرم کا دورہ کیا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.