پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین کی گرفتاری پر پرویز خٹک کا رد عمل سامنے آگیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین پرویز خٹک نے کہا کہ ضد، انا اور اقتدار کی بھوک، انہیں اس مقام پر لے آئی، اچھی بھلی پارٹی کو بنانے اور مضبوط کرنے میں برسوں لگے، اس نے ہوس اقتدار میں محض ایک سال میں پارٹی کے ٹکڑے ٹکڑے کر دیے۔
پرویز خٹک نے کہا کہ جس نے ان پر احسان کیا یا وزیراعظم بننے میں مدد کی اسی کو سب کے سامنے رسوا کیا، سب نے کہا پارلیمنٹ کے اندر رہو، اسمبلیاں مت توڑو، انہوں نے کسی کی نہیں سنی۔
چیئرمین پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین نے کہا کہ ہمارا شروع دن سے مؤقف تھا کہ ہر مسئلےکا حل بات چیت سے ممکن ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپنی ہٹ دھرمی کی وجہ سے آج ان کو یہ دن دیکھنا پڑھ رہا ہے، خیبر پختونخوا میں ان کو اب مزید کسی ایڈونچر کی اجازت نہیں دی جائے گی، معصوم نوجوانوں کو ورغلا کر، ٹکٹوں کا لالچ دے کر بے وقوف بنایا گیا، نوجوان صوبے کے بہتر مستقبل کیلئے اپنی توجہ مرکوز کریں۔
پرویز خٹک نے مزید کہا کہ آج عدالت کے فیصلے نےثابت کیا کہ ہماری عدالتیں آزاد ہیں، فیصلے آئین و قانون کو سامنے رکھ کر ہوتے ہیں، کرپشن، چوری یا اختیارات کے ناجائز استعمال کے خلاف قانون موجود ہے، فیصلے کرنے کا اختیار عدالتوں کو حاصل ہے۔
Comments are closed.