جمعرات 30؍ربیع الاول 1444ھ27؍اکتوبر 2022ء

صوبائی حکومتیں سرکاری ملازمین کے لانگ مارچ میں شرکت نہ کرنے کو یقینی بنائیں، وزارت داخلہ

وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومتیں سرکاری ملازمین کے لانگ مارچ میں شرکت نہ کرنے کو یقینی بنائیں، لانگ مارچ میں صوبائی حکومتیں آئین اور قانون کے مطابق عمل درآمد کریں۔

وزارت داخلہ نے لانگ مارچ کے بارے میں چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر حکومتوں کو خط لکھ دیا، جس میں کہا گیا کہ تمام صوبائی حکومتیں اور سرکاری ملازمین آئین و قانون کے پابند ہیں۔

وفاقی وزارت داخلہ نے صوبائی چیف سیکریٹریز اور آئی جیز کو خط لکھ دیا، جس میں پی ٹی آئی کے لانگ مارچ سے عدم استحکام کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ لانگ مارچ میں کارکنوں کو کھانے پینے کی اشیاء ساتھ لانے کی ہدایات کی گئی ہیں۔

خط میں کہا گیا ہے کہ کسی کو زبردستی وفاق پر چڑھائی کی اجازت نہیں دی جا سکتی، وفاق اور صوبائی حکومتوں کو آئین کے تحت اتحاد کا مظاہرہ کرنا چاہیے، آئین کے تحت ہر صوبہ وفاقی قوانین پر عملدرآمد کا پابند ہے، آئین کے آرٹیکل 149 کے تحت وفاق صوبوں کو ہدایات دے سکتا ہے۔

 وزارت داخلہ کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ تمام سرکاری ملازمین ریاستی قوانین کے تابع ہیں، تمام سرکاری ملازمین آئین کے تحت فرائض سر انجام دینے کے پابند ہیں، کسی سرکاری ملازم کو لانگ مارچ میں شرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی، کسی قیمت پر آئین اور قوانین سے انحراف کی اجازت نہیں ہوگی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.