صلاح الدین محور: حماس کی ’لائف لائن‘ قرار دی جانے والی راہداری جہاں سڑک کی تعمیر امن مذاکرات میں رکاوٹ ہے
یہ تنگ پٹی مصر کے ساتھ غزہ کی سرحد کے ساتھ گزرتی ہے اور عسکری حکمت عملی کے لحاظ سے بہت اہم ہے اور اسے اسرائیلی فوج میں ’فلاڈیلفیا کوریڈور‘ کے کوڈ نام سے جانا جاتا ہے۔26 اگست سے پانچ ستمبر تک وقفے وقفے سے لی گئی سیٹلائٹ تصاویر سے پتہ چلتا ہے کہ سرحد پر نصب خاردار تاروں کے ساتھ ساحل کے اندر 6.4 کلومیٹر تک ایک نئی سڑک بچھائی جا چکی ہے۔
امن مذاکرات کے لیے راہداری کی اہمیت
ڈاکٹر کریگ کا کہنا ہے کہ ‘سڑک کی تعمیر کی وجہ سے مذاکرات کاروں اور ثالثوں پر جنگ بندی اور یرغمالیوں کی واپسی کے معاہدے کے متعلق دباؤ بڑھ گیا ہے۔ جبکہ اسرائیلی اس سے یہ باور کرانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ یہ ناگزیر ہے اور اسے تبدیل نہیں کیا جا سکتا ہے۔’ان کا کہنا ہے کہ ’سڑک کی تعمیر سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ اسرائیلی مستقبل قریب میں غزہ کی پٹی سے اپنی فوج مکمل طور پر پیچھے ہٹانا نہیں چاہتی ہے۔’انھوں نے رواں سال کے شروع میں شمالی غزہ میں اسرائیلی فوج کی طرف سے تعمیر کردہ ایک سڑک کا حوالہ دیا جسے نیٹزاریم کوریڈور کے نام سے جانا جاتا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ ’اگر آپ نیٹزاریم کوریڈور میں کی گئی سرمایہ کاری کو دیکھیں تو یہ واضح ہو جائے گا کہ اسرائیلی فوج جلدی وہاں سے پیچھے ہٹنے والی نہیں ہے۔ انھوں نے یہاں ٹھوس رکاوٹیں کھڑی کی ہیں۔ اس کے علاوہ ٹاورز اور دیواروں کے ساتھ فوجی اڈے بھی بنائے گئے ہیں۔ اگر یہاں سے واپسی کا ارادہ ہوتا تو اتنے وسیع انتظامات نہ ہوتے۔’
اسرائیل سرنگوں کو مسمار کرنے پر اٹل
نتن یاہو نے کہا ہے کہ حماس نے راہداری کے نیچے سرنگوں کا استعمال سات اکتوبر سے پہلے مصر سے ہتھیار اور لوگوں کو لانے کے لیے کیا تھا۔ان کا خیال ہے کہ یہاں اسرائیلی افواج کی تعیناتی حماس کو دوبارہ مسلح ہونے سے روک دے گی۔ اس طرح وہ دوبارہ اسرائیل کے لیے خطرہ نہیں بن سکیں گے۔اسرائیلی وزیر دفاع یاو گيلانٹ نے گذشتہ ماہ اس راہداری کا دورہ کیا تھا۔ اس وقت انھوں نے کہا کہ ہم نے فلاڈیلفیا کوریڈور پر 150 سرنگوں کو تباہ کر دیا ہے۔بی بی سی نے اسرائیلی فوج کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیوز میں فلاڈیلفیا کوریڈور میں دھماکوں سے اڑائے جانے والے مقامات کی نشاندہی کی ہے۔ ان میں سے ایک میں یہ دیکھا جا سکتا ہے کہ زیر زمین انفراسٹرکچر تباہ کیا جا رہا ہے۔ تاہم بی بی سی اس بات کی تصدیق نہیں کر سکا کہ اصل میں کیا تباہ ہوا ہے اور کہاں تباہ ہوا ہے۔اسرائیلی فوج کی جانب سے شیئر کی گئی تصاویر اور ویڈیوز میں ہمیں ایک سرنگ نظر آئی ہے۔ جبکہ سیٹیلائٹ تصاویر میں سرحد کے ساتھ اور دیگر علاقوں میں زمین پر کھدائی کے آثار دکھائی دے رہے ہیں۔(لامیس الطالیبی اور جوشوا چیٹہم کی اضافی رپورٹنگ کے ساتھ)
BBCUrdu.com بشکریہ
body a {display:none;}
Comments are closed.