وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ صرف سندھ میں یکساں نصاب رائج نہیں ہوا ہے، سارے ملک میں ایک ہی نصاب ہونا چاہیئے، سندھ الگ نہیں ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود نے بتایا کہ پنجاب، خیبر پختون خوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں یکساں نصاب رائج ہوگیا ہے۔
وفاقی وزیرِ تعلیم نے بتایا کہ بلوچستان میں کتابیں پرنٹ ہو رہی ہیں، یکساں نصاب وہاں بھی نافذ ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ یکساں نصاب پر سندھ کو منانے کی کوشش کریں گے، بات چیت کر رہے ہیں، یکساں نصاب نافذ کرنے میں کچھ وقت لگے گا لیکن ہو جائے گا۔
شفقت محمود کا کہنا ہے کہ کتابیں سب یکساں نہیں ہیں، یکساں نصاب اور یکساں کتابوں میں فرق ہوتا ہے۔
وفاقی وزیرِ تعلیم نے بتایا کہ نصاب کا مطلب ہے ’اسٹوڈنٹس لرننگ آؤٹ کم‘ یعنی کس کلاس میں بچوں کو کیا آنا چاہیئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پرائیویٹ پبلشرز کو اپنی کتابیں چھاپنے اور تقسیم کرنے کی اجازت دی ہے، حکومت نے بھی اپنی کتابیں چھاپی ہیں۔
وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود کا یہ بھی کہنا ہے کہ اسکولوں میں فیس برابر نہیں ہو گی، مختلف سہولتیں ہوں گی، مختلف فیس ہو گی۔
Comments are closed.