ہفتہ 15؍صفر المظفر 1445ھ2؍ستمبر 2023ء

صدر نے اقتصادی کونسل کی تشکیل کی منظوری دے دی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قومی اقتصادی کونسل کی تشکیل کی منظوری دے دی۔

 کونسل میں وزیراعظم، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ سمیت 13 ارکان شامل ہیں، کونسل کے چیئرمین وزیراعظم پاکستان ہوں گے۔

قومی اقتصادی کونسل ملک کی مجموعی معاشی صورتحال کا جائزہ لینے اور مالیاتی، تجارتی، معاشرتی اور اقتصادی پالیسیز کے حوالے سے منصوبہ بندی کی ذمہ دار ہے۔

صدر مملکت نے قومی اقتصادی کونسل کی تشکیل کی منظوری آئین کے آرٹیکل 156 ایک اور رولز آف بزنس کے تحت دی۔

قومی اقتصادی کونسل میں وزیراعظم اور چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ شامل ہیں۔ چاروں صوبوں سے نگراں حکومتوں کے نمائندے بھی شامل ہیں۔

پنجاب سے نگراں وزیر توانائی و انڈسٹری، کامرس، سرمایہ کاری اور ہنر مندی، ایس ایم تنویر کونسل میں شامل ہیں۔

سندھ سے وزیر خزانہ، محصولات، منصوبہ بندی و ترقی، محمد یونس ڈھاگا، کونسل میں شامل ہیں۔ خیبر پختونخوا سے وزیر خزانہ، محصولات، ایکسائز، ٹیکسیشن اور منشیات، احمد رسول بنگش کونسل میں شامل ہیں۔

بلوچستان سے وزیر خزانہ و محصولات، امجد رشید، بھی قومی اقتصادی کونسل میں شامل ہیں جبکہ وفاق سے وزیر خزانہ، محصولات، اقتصادی امور اور نجکاری بھی کونسل کے ممبر ہوں گے۔

وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات اور وفاقی وزیر مواصلات، ریلویز و بحری امور بھی کونسل میں شامل ہوں گے۔

قومی اقتصادی کونسل میں نگراں وفاقی وزیر توانائی اور پیٹرولیم بھی شامل ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.