کراچی کے علاقے صدر میں کے الیکٹرک کے سب اسٹیشن کے تالے توڑ کر نامعلوم ملزمان کیبل چوری کر کے لے گئے جس کے بعد ہاشو سینٹر اور آس پاس کی مارکیٹیں بجلی سے محروم ہیں۔
کراچی ساوتھ کے پریڈی تھانے کے ایس ایچ او انسپکٹر سجاد خان کے مطابق واردات صبح 6 بجے اور 7 بجے کے درمیان ہوئی۔
عینی شاہدین اور چوکیداروں کے مطابق دو لوڈر گاڑیوں میں نامعلوم افراد آئے جنہوں نے کے الیکٹرک کے شناختی کارڈز گلے میں لٹکائے ہوئے تھے۔
ملزمان مرمت کا کام کرنے کے بہانے سب اسٹیشن میں گھسے اور بجلی بند کر کے علاقے میں سپلائی کے ہیوی اور قیمتی کیبلز نکال کر گاڑیوں میں بھر کر لے گئے۔
دکانداروں کے مطابق ہاشو سینٹر اور اطراف کی تمام مارکیٹوں میں بلیک آؤٹ ہوگیا ہے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق کچھ عرصہ قبل ایم اے جناح روڈ کی ایک بڑی مارکیٹ کے سب اسٹیشن میں بھی اسی طرح کی واردات ہوئی تھی۔
پولیس کے مطابق کوشش کے باوجود کے الیکٹرک کا عملہ مقدمہ درج نہیں کراتا جس کی بنیاد پر انہیں شبہ ہے کہ مبینہ طور پر کے الیکٹرک کی کچھ کالی بھیڑیں بھی ملزمان کے ساتھ ملی ہوئی ہیں۔
Comments are closed.