بدھ 18؍جمادی الثانی 1444ھ11؍جنوری 2023ء

صدر مملکت سے سبکدوش ہونے والے برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر کی ملاقات

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے سبکدوش ہونے والے برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے ملاقات کی ہے۔

ایوان صدر میں ہونے والی ملاقات میں صدر مملکت نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دو طرفہ تجارت بڑھانے کےلیے ٹھوس اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ اقتصادی اور سیاسی استحکام یقینی بنا کر دو طرفہ تجارت میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ برطانیہ کی جانب سے سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے سے ملکی معاشی صورتحال بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ دو طرفہ معاشی تعلقات میں اضافے سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

دوران ملاقات صدر مملکت نے برطانیہ کی ترقی پذیر ممالک کےلیے تجارتی اسکیم میں پاکستان کی شمولیت کو سراہا۔

ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ 120 برطانوی کمپنیاں پاکستان میں تقریباً 10بلین ڈالر سرمایہ کاری کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دفاعی، سیکیورٹی تعاون اور انسداد دہشتگردی تعاون مزید گہرا کرنے کی ضرورت ہے۔

برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے کہا کہ پاکستان برطانوی کمپنیوں کی جانب سے سرمایہ کاری کےلیے موزوں ملک ہے، معاشی اور سیاسی استحکام سے پاکستان میں سرمایہ کاری کو راغب کرنے میں مدد ملے گی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.