بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

صدر مملکت اور وزیراعظم کا یومِ پاکستان پر پیغام

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 23 مارچ پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یوم پاکستان برصغیر کی تاریخ میں کئی حوالوں سے اہم دن ہے، 1940 میں اس دن مسلمانوں نے "جداگانہ انتخاب” کی بجائے "علیحدہ ریاست” کا مطالبہ کیا۔

صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ اس دن مسلمانوں نے واضح کیا کہ برصغیر کی تقسیم میں مزید تاخیر نہیں کی جاسکتی اور وقت نے مسلمانوں کے علیحدہ وطن کا مطالبہ سیاسی طور پر درست ثابت کیا۔

صدر مملکت کا مزید کہنا ہے کہ ہمیں مختلف قومیتوں اور اقلیتوں کو ایک قوم میں یکجا کرنا ہے، پاکستان کو درپیش تمام چیلنجز پر اجتماعی کوششوں سے قابو پایا جاسکتا ہے، وہ دن دور نہیں جب پاکستان ایک معاشی طور پر مضبوط اور خوشحال ملک بن جائے گا۔

وزیراعظم عمران خان نے بھی یومِ پاکستان پر پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ پاکستان طویل جمہوری جدوجہد سے معرض وجود میں آیا، 23 مارچ تخلیق پاکستان کےحقیقی مقاصد پر کاربند رہنے کے عزم کی تجدید کا دن ہے۔

وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کے استحکام، ترقی کی کلید محنت، دیانتداری، اخلاقیات میں مضمر ہے، ہمیں قائداعظم کے سنہری اصولوں ایمان، اتحاد، تنظیم پر کاربند رہنے کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم کا کہنا ہے کہ ہمیں خود کو ریاست مدینہ طرز پر ملک کو فلاحی ریاست بنانے کیلئے وقف کرنا چاہیے، ہماری توجہ معاشرے کے نظرانداز شدہ طبقہ کو مساوی مواقع دینے پر مرکوز ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.