صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے اپنے ہی پرنسپل سیکریٹری پر مبینہ طور پر دباؤ ڈالے جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔
ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ صدر مملکت نے اپنے پرنسپل سیکریٹری وقار احمد سے کہا کہ آفیشل سیکریٹ ایکٹ ترمیمی بل اور آرمی ایکٹ ترمیمی بلز کے معاملے پر اُن پر پارٹی کی طرف سے بہت دباؤ ہے۔
ذرائع کے مطابق صدر مملکت نے مزید کہا کہ ابھی وہ خاموش ہوجائیں، 2، 3 سال بعد پی ٹی آئی کی حکومت آئے گی تو اُن کی تلافی کردی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق صدر مملکت کی گفتگو پر وقار احمد نے جواب دیا کہ وہ چند ماہ میں ریٹائرڈ ہو رہے ہیں، عارف علوی اپنی سیاست کےلیے اُن کے بے داغ کیریئر پر دھبہ نہ لگائیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر مملکت کی خواہش تھی کہ وقار احمد بلز کے معاملے پر باضابطہ کوئی وضاحت نہ دیں اور کوئی خط نہ لکھیں، لیکن وقار احمد نے دباو قبول کرنے سے انکار کر دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پرنسپل سیکرٹری وقار احمد نے صدر مملکت کو یہ بھی بتایا کہ اگلے مہینے اُن کی بیٹی کی شادی ہے اور اُن کے لیے یہ بات بہت تکلیف دہ ہے کہ اُن پر کسی ایسی بات کا الزام لگایا جائے، جس سے ان کا کوئی تعلق ہی نہیں ہے۔
Comments are closed.