بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

صدر عارف علوی نے الیکشن ترمیمی بل بغیر دستخط کے واپس کر دیا

صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے الیکشن ترمیمی بل بغیر دستخط کے واپس کر دیا۔

اس حوالے سے صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ ووٹنگ مشین اور اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹنگ کے معاملے سے ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے منسلک ہوں، تمام حکومتوں، پارلیمنٹ اور سپریم کورٹ میں اِس معاملے کی پیروی کرتا رہا ہوں، مجوزہ قوانین کی نوعیت رجعت پسندانہ ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ میں آئین کی پاسداری کرتا رہا ہوں، مجھے ادراک ہے کہ آئینِ پاکستان اِس بل پر دستخط نہ کرنے کے باوجود اسے قانون کی شکل دیدے گا، بحیثیت صدرِ پاکستان مجلسِ شوریٰ کے منظور کردہ بل پر دستخط نہ کرنا میرے لیے تکلیف دہ امر ہے۔

سینیٹ نے نیب اور الیکشن ایکٹ ترمیمی بل اتفاق رائے سے منظور کرلیا۔

صدرِ مملکت نے کہا ہے کہ آئندہ آنے والی نسلوں کے لیے اپنے دلائل اور خیالات قلم بند کرنا چاہتا ہوں، ٹیکنالوجی، خاص طور پر ای وی ایم کو مؤثر طور پر استعمال کیا جاتا ہے تو اس میں بہت سے مسائل کا حل موجود ہے، ٹیکنالوجی ہمیشہ سے متنازع اور چیلنج شدہ انتخابی عمل میں ابہام، اختلاف اور الزامات کو کم کر سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کا استعمال انتخابی عمل میں شفافیت لانے میں مددگار ہو گا، ٹیکنالوجی آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے ہمارے اب تک کے ادھورے خواب پورے کر سکتی ہے، چاہتا ہوں کہ پاکستان مستقبل میں تیزی سے کامیابی کی طرف بڑھے۔

صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ آج کے مسائل حل کرنے کے لیے جدید اور نئے سائنسی طریقوں کو بھی بروئے کار لانا چاہیے، پارلیمان کے دونوں اطراف میں اعتماد سازی کے فروغ اور شراکت داروں کی شمولیت کے بغیر اصلاحات ممکن نہیں، رائے سازوں اور فیصلہ سازوں کی جانب سے اس عام فہم چیز کو نظر انداز کیوں کیا گیا، یہ میرے لیے ایک معمہ رہے گا۔

الیکشن کمیشن نے اعلامیے میں کہا کہ ترمیمی بل کے ذریعے متعلقہ دفعات کو حذف کر دیا گیا ہے ۔ اس سے انتخابی فہرستوں کی نظرثانی کا عمل الیکشن کمیشن کے لیے ناممکن ہوجائے گا۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ موجودہ اور مستقبل کی حکومتوں اور پارلیمان کو 2 چیزوں کا انتخاب کرنا ہو گا، ماضی کے تجربات اور آج کی ٹیکنالوجیز کو بروئے کار لانا چاہیے، اس سے ہم پاکستان کے روشن، ترقی پسند اور متحرک مستقبل کا خواب شرمندۂ تعبیر کر سکتے ہیں۔

صدرِ مملکت کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس طرح کے بہت سے مُشکل فیصلوں کا ہمیں مستقبل میں بھی سامنا رہے گا، تاریخ گواہ ہے کہ جو قومیں صحیح فیصلے کرتی ہیں وہ ترقی کی منازل تیزی سے طے کرتی ہیں، جو ایسا نہیں کر پاتیں وہ مواقع ضائع کرتی ہیں جو اُنہیں بلندی اور کامیابی کی طرف لے جا سکیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.