صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے انسانی وقار، مساوات کے غیر معمولی وکیل عظیم عالمی رہنما نیلسن منڈیلا کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
ڈاکٹر عارف علوی نے نیلسن منڈیلا کی مسلسل جدوجہد کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیلسن منڈیلا آزادی، امن اور سماجی انصاف کے حصول کے لیے جرأت، ہمدردی اور عزم کی مثال ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ نیلسن منڈیلا ایک بااصول رہنما تھے، جو آزادی کے لیے جان قربان کرنے کے لیے بھی تیار تھے۔
صدر نے کہا کہ نیلسن منڈیلا نے اپنے ملک میں نسلی امتیاز پر مبنی نظام کے خلاف لڑنے پر 27 سال جیل میں گزارے۔
ان کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقہ کے صدرکی حیثیت سے نیلسن منڈیلا نے معافی اور مفاہمت پر زور دیا، یہی نہیں انہوں نے اکثریت کے باوجود جنوبی افریقہ کی سفید فام آبادی کوعدم امتیاز کی یقین دہانی کرائی۔
صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپیل کی کہ آئیے نیلسن منڈیلا کے وژن سے سبق حاصل کریں، نفرت کےخلاف آواز اٹھائیں۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ آج ہم اپنے ملک اور لوگوں کو بااختیار بنانے کے لیے جمہوری اصول قائم کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں اور آج ہم قانون کے سامنے برابری اور سماجی انصاف کے لیے اپنے عہد کی بھی تجدید کرتے ہیں۔
Comments are closed.