عراق کےسابق وزیراعظم ایاد علاوی نے کہا ہے کہ عراق کے بڑے رہنما سابق صدر صدام حسین کو بطور قیدی دیکھنے کیلئے امریکی قید خانے گئے تھے۔ صدام کو امریکی قیدی کے طور پر دیکھنا گالی سے کم نہیں تھا۔
بغداد میں عرب ٹی وی کو انٹرویو کے دوران ایاد علاوی کا کہنا تھا کہ مسعود برزانی (شمالی عراق کے کرد رہنما) اور میری قومی غیرت نے صدام حسین کو امریکی قید میں دیکھنا گوارا نہیں کیا۔ صدام حسین مظالم کے باوجود عراقیوں کے صدر تھے۔
سابق عراقی وزیراعظم کے مطابق صدام حسین کی عید الاضحٰی کی صبح پھانسی سے مجھے شدید رنج ہوا۔ جس نے عراقیوں کی صدام حسین کیلئے نفرت کو ہمدردی میں بدل دیا۔
ایاد علاوی نے کہا کہ صدام حسین کی عراق میں آمریت کے باوجود ان کے خلاف بدعنوانی کے ثبوت نہیں ملے۔ ان کے زیر استعمال تمام جائیدادیں عراقی حکومت کے نام پر رجسٹر تھیں۔
ایاد علاوی، صدام حسین کے دور اقتدار کے خاتمے کے بعد عراق لوٹ گئے تھے۔ وہ جون 2004 تا مئی 2005 عراق کے وزیراعظم کے عہدے پر فائز رہے۔ بعدازاں 2014 تا 2015 پھر 2016 تا 2018 عراق کے نائب صدر رہے۔
Comments are closed.