جمعرات 22؍رمضان المبارک 1444ھ13؍اپریل 2023ء

صحت سےمتعلق حیران کُن فوائد کے حامل ٹماٹر کس بیماری کا مؤثر علاج ہیں؟

ٹماٹر نمکین کھانوں کا ذائقہ بڑھانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے اور اس سے بننے والی چٹنیاں بھی خوب چٹخارے لے کر کھائی جاتی ہیں جبکہ اسے صحت کے لیے بھی بہت مفید سمجھا جاتا ہے، اس کا استعمال اہم ترین بیماری کا علاج ثابت ہوتا ہے۔

لال کھٹے میٹھے ٹماٹر ایسی غذا ہیں جسے سلاد کے طور پر کچا اور سالن میں گریوی بنانے کیلئے بھی استعمال کیا جاتا ہے، اس کی تاثیر ٹھنڈی اور اس کے استعمال سے صحت سے متعلق کئی فوائد حاصل ہوتے ہیں جن میں سب سے اہم خون اور دل کی بیماریوں کا علاج ہے۔ 

غذائی ماہرین کے مطابق ٹماٹر کا استعمال وزن میں کمی، خون پتلا، خون میں موجود لال خلیوں کی افزائش، خون کی کمی کی شکایت اور منفی کولیسٹرول بھی دور کرنے میں کردار ادا کرتا ہے۔

غذائی اعتبار کے لحاظ سے ٹماٹر میں وٹامن اے، بی، بی 3، بی6  اور بی 7، میگنیشیم، آئرن، کرومیم، پوٹاشیم، زنک، اور کولین بھی پایا جاتا ہے۔

اس کے علاوہ ٹماٹر میں 95 فیصد تک پانی،  5 فیصد کاربو ہائڈریٹس اور فائبر پایا جاتا ہے۔

ایک سو گرام ٹماٹر میں 18 کیلوریز، 95 فیصد پانی،1 گرام پروٹین، 4 گرام کاربو ہائڈریٹس، اڑھائی گرام شوگر، ڈیڑھ گرام فائبر، اور تقریباً آدھا گرام فیٹ پایا جاتا ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق ٹماٹر کے استعمال سے جسم سے خراب کولیسٹرول کا خاتمہ ہوتا ہے اور انسان دل کی بیماریوں سے محفوظ رہتا ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق ٹماٹر کا باقاعدگی سے استعمال ہائی بلڈ پریشر میں کمی اور کولیسٹرول کی سطح کو متوازن رکھنے میں مدد فراہم کرتا ہے، اس میں پائے جانے والے اجزاء خون میں نقصان دہ کولیسٹرول کی سطح کو کم کرتے ہیں اور اس میں موجود فائبر اچھے کولیسٹرول کی تیاری میں مدد فراہم کرتے ہیں۔

طبی ماہرین کی جانب سے تجویز کیا جاتا ہے کہ دل کی بیماریوں اور خراب کولیسٹرول کی شکایت سے بچاؤ کے لیے روزانہ کی بنیاد پر ٹماٹر کو بطور سلاد، چٹنی یا پھر اس کا جوس بنا کر لازمی  استعمال کرنا چاہیے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.