اتوار 13؍ربیع الثانی 1445ھ29؍اکتوبر 2023ء

صائم ایوب خود کو ماڈرن ڈے کرکٹ کیلئے تیار کرنے میں مصروف

قومی کرکٹر صائم ایوب کا کہنا ہے کہ میرا مائنڈ سیٹ ماڈرن ڈے کرکٹ کھیلنا ہے اور میں خود کو اسی کے لیے تیار کر رہا ہوں۔

’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے 21 سالہ صائم ایوب نے کہا کہ قومی ٹیم میں جب بھی موقع ملا اسی مائنڈ سیٹ سے کھیلنا ہے، مجھے اندازہ ہے کہ سب کا فوکس ماڈرن ڈے کرکٹ پر ہے اور آج کل ہو بھی ماڈرن ڈے کرکٹ رہی ہے۔ 

صائم ایوب نے کہا کہ تیز رفتاری سے رنز بنانے کی کوشش ہو رہی ہے، مجھے ابھی کیونکہ اس لیول پر اتنا موقع نہیں ملا جہاں ماڈرن ڈے کرکٹ فوکس ہے اس لیے میں یہ نہیں کہہ سکتا کہ میں اس کے لیے تیار ہوں لیکن میں تیاری اسی لحاظ سے کر رہا ہوں۔

فائنل کی پہلی اننگز میں ڈبل سنچری اور دوسری اننگز میں سنچری بنانے والے صائم ایوب پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔

قائد اعظم ٹرافی کے فائنل میں فیصل آباد کے خلاف کراچی وائٹس کو کامیابی دلانے میں صائم ایوب کا بڑا ہاتھ ہے۔

وہ پہلے بیٹر ہیں جنہوں نے فائنل میں ڈبل سنچری اور سنچری اسکور کی ہے اور وہ اسی وجہ سے پلئیر آف دی فائنل قرار پائے۔

صائم ایوب نے حال ہی میں ہونے والی کیریبیئن پریمیئر لیگ میں بھی دھواں دھار بیٹنگ سے اپنی دھاک بٹھائی تھی، وہ سی پی ایل کھیلتے ہوئے ڈومیسٹک کرکٹ میں آئے۔

ان کا کہنا ہے کہ وائٹ بال کرکٹ سے جب ریڈ بال میں آیا تو یہی پلان تھا کہ مجھے اچھا کرنا ہے، کراچی وائٹس کو جتوانے کا ٹارگٹ تھا، خوشی ہے کہ میں نے اس میں اپنا حصہ ڈالا۔

صائم ایوب نے یہ بھی کہا کہ قائد اعظم ٹرافی کے دوران بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا، ڈریسنگ روم میں ٹیسٹ کرکٹرز تھے اور ماحول بہت اچھا تھا اس لیے مجھے بہت فائدہ ہوا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.