آسٹریلوی ٹیسٹ کرکٹر اور مایہ ناز لیگ اسپنر شین وارن کی اچانک موت کی خبر سامنے آنے پر پاکستانی کرکٹر ز نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وسیم اکرم، وقار یونس، شعیب اختر، اظہر محمود، عمران نذیر، بابراعظم، شعیب ملک، محمد حفیظ، شاداب خان، عماد وسیم اور یاسر شاہ نے اپنے اپنے ٹوئٹ پیغام میں لیگ اسپنر کی تصویر لگائی اور ناگہانی جدائی پر دلی دکھ کا اظہار کیا۔
وسیم اکرم نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ اپنے دوست وارن کی ناگہانی موت کے بارے میں سن کر صدمے میں ہوں اور انتہائی غمگین ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ ہمیشہ رابطے میں رہے اور ہمیشہ مددگار ثابت ہوئے، وہ مشہور بولر کے ساتھ وہ بہترین انٹرٹینر بھی تھے۔
سابق لیفٹ آرم فاسٹ بولر نے شین وارن کی موت پر ان کے خاندان اور دوستوں سے تعزیت کی اور ان کے لیے دعائیہ کلمات کہے۔
وقار یونس نے کہا کہ شین وارن اب نہیں رہے، یہ خبر سن کر مجھے یقین نہیں آرہا، حیران ہوں اور بکھیر گیا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری کرکٹ کمیونٹی کے لیے بہت افسوسناک دن ہے، میری نسل کا سب سے بڑا سپر اسٹار چلاگیا۔
سابق فاسٹ بولر نے مزید کہا کہ اہل خانہ اور دوستوں سے تعزیت کرتے ہیں، الوداع لیجنڈ شین وارن، آگے کا سفر پرسکون رہے۔
اظہر محمود نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ شین وارن کے موت کی بالکل المناک اور تباہ کن ہے، جس پر یقین نہیں کیا جاسکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ کیا ہی حیرت انگیز کھلاڑی اور زبردست انسان تھا، اس کی موت پر خاندان اور دوستوں سے تعزیت کرتا ہوں۔
قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے اپنے پیغام میں شین وارن کی موت کو دنیا کرکٹ کےلیے تباہ کن نقصان قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ یقین کرنا مشکل ہے کہ شین وارن اب ہم میں نہیں رہے، انہوں نے واقعی اپنی جادوئی لیگ اسپن سے نسلوں کو متاثر کیا۔
گرین کیپ کے کپتان نے شین وارن اور لیجنڈ کے دو الگ ہیش ٹیگ کے ساتھ لکھا کہ ہم آپ کی کمی ہمیشہ محسوس کریں گے ،میری دلی دعائیں آپ کے اہل خانہ ، دوستوں اور مداحوں کےلیے ہیں۔
شعیب ملک نے کہا کہ لیجنڈ شین وارن کی موت کی خبر سن کر صدمہ ہوا ہے۔
پاکستانی لیگ اسپنر یاسر شاہ نے ٹوئٹر پر شین وارن کی موت پر تعزیتی پیغام اور آسٹریلوی لیگ اسپنر کے ساتھ اپنی ایک یادگار تصویر شیئر کی۔
یاسر شاہ نے کہا کہ کرکٹ کےلیے افسوسناک دن ہے، ایک مشہور کرکٹ کھلاڑی اور سرپرست ہم سے رخصت ہوگئے، اس خبر سے گہراد کھ پہنچا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شین وارن کے اہل خانہ، دوستوں اور دنیا بھر میں پھیلے اُن کے مداحوں سے دلی تعزیت کرتا ہوں۔
محمد حفیظ نے شین وارن کی ناگہانی جدائی پر اپنے پیغام میں اسے دنیائے کرکٹ کےلیے افسوسناک دن کہا۔
اُن کا کہنا تھاکہ لیجنڈ شین وارن کی موت کی خبر انتہائی افسوسناک ہے۔
عمران نذیر نے اپنے ٹوئٹ میں شین وارن کو کنگ آف اسپن قرار دیا اور کہا کہ یقین نہیں ہوتا کہ آسٹریلوی لیگ اسپنر اب ہم میں نہیں رہے۔
پاکستانی اسپنر شاداب خان نے شین وارن کی موت کی خبر کو دلخراش قرار دیا اور کہا کہ اپنے دکھ کے اظہار کےلیے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں نے آسٹریلوی لیگ اسپنر کو ٹی وی پر وکٹیں لیتے دیکھا ہے، انہیں دیکھ کر ہی لیگ اسپنر بننے کا فیصلہ کیا تھا۔
عماد وسیم نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ کرکٹ کے لیے افسوسناک دن ہے، شین وارن بہترین میں سے بھی بہترین تھے جو اب نہیں رہے، یقیناً کرکٹ ان کی کمی محسوس کرے گی۔
Comments are closed.