امریکا کے معروف جریدے ٹائم میگزین نے وزیر ماحولیات شیری رحمان کو سو بااثر ترین شخصیات میں شامل کرلیا ہے۔
جریدے کی ویب سائٹ پر جاری پیغام میں کہا گیا ہے کہ عالمی سطح پر کاربن اخراج میں پاکستان کا حصہ انتہائی معمولی ہے مگر ماحولیاتی بحران کے سبب پچھلے برس ایک تہائی پاکستان سیلاب میں ڈوب گیا تھا۔
جریدے کا کہنا ہے کہ نومبر میں جب شیری رحمان کوپ27 اجلاس میں مصر آئیں اس وقت بھی سیلابی پانی پورے طور پر نہیں اترا تھا۔
شیری رحمان مصر میں منعقد کوپ 27 اجلاس میں ان سیلاب زدگان کی آواز بنیں جو قدرتی آفت کے سبب اپنا سب کچھ کھو بیٹھے تھے۔
جریدے میں کہا گیا ہے کہ انتہائی پُرجوش تقاریر اور انتھک مصروفیات اور مذاکرات کے زریعے انہوں نے مندوبین کو قائل کیا کہ یہ ناانصافی ختم کی جانی چاہیے۔
کوپ 27 کا اختتام اس تاریخی فیصلے پر ہوا کہ عالمی برادری پہلی بار متفق ہوئی کہ قدرتی آفات کا سامنا کرنیوالے ممالک کے لیے نقصان اور تباہی فنڈ قائم کیا جائے۔
یہ ماحولیاتی انصاف کی جانب بڑا قدم ہے مگر اب بھی بہت کام باقی ہے، ہمیں شیری رحمان جیسی مزید شخصیات کی ضرورت ہوگی۔
Comments are closed.