وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے میاں چنوں میں پیش آنے والے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ میاں چنوں میں ہجوم کے ہاتھوں ایک شخص کا قتل قابلِ مذمت ہے۔
وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق کا کہنا ہے کہ ہجوم کے ہاتھوں ایک شخص کے قتل کے ذمے دار سزا سے نہیں بچ سکیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت واقعے کے وقت خاموش تماشائی بنے رہنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف فوری ایکشن لے۔
شیریں مزاری کا یہ بھی کہنا ہے کہ قوانین موجود ہیں، پولیس عمل درآمد کرائے اور ہجوم کو من مانی کی اجازت نہ دے۔
واضح رہے کہ سیالکوٹ میں سری لنکن منیجر کی ہلاکت کی طرح کا گزشتہ روز میاں چنوں میں واقعہ پیش آیا ہے جہاں مقدس اوراق کو جلانے کے الزام میں ہجوم نے ایک شخص کو قتل کر دیا۔
میاں چنوں کے نواحی علاقے تلمبہ میں اڈا 17 موڑ مدرسہ شاہ مقیم میں ایک نامعلوم شخص پر الزام لگایا گیا۔
الزام لگانے کے بعد ہجوم نے مذکورہ شخص کو تشدد کا نشانہ بنایا اور لاش کو درخت پر لٹکا دیا۔
Comments are closed.