منگل9؍ربیع الاوّل 1445ھ26؍ستمبر 2023ء

شیخ رشید کی حراست، آر پی او راولپنڈی نے 1 ہفتے کا وقت مانگ لیا

ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) راولپنڈی نے سابق وزیرِ داخلہ شیخ رشید کی حراست سے متعلق لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ سے ایک ہفتے کا وقت مانگ لیا۔

لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ میں شیخ رشید کی حراست کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔

کیس کی سماعت لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس صداقت علی خان نے کی جس کے دوران آر پی او راولپنڈی سید خرم علی پیش ہوئے۔

عدالت نے سوال کیا کہ آر پی او صاحب بتائیں شیخ رشید سے متعلق کیا پیش رفت ہے؟

آر پی او نے عدالت کو بتایا کہ شیخ رشید ہمارے پاس نہیں اور جہاں سے حراست میں لیا گیا وہ بھی ہماری حدود نہیں۔

عدالت نے آر پی او سے سوال کیا کہ کیا آپ لکھ کر دینے کو تیار ہیں کہ شیخ رشید آپ کے پاس نہیں؟ اگر کل کو شیخ رشید راولپنڈی سے برآمد ہوئے تو آپ کے خلاف کیس چلے گا۔

جس پر آر پی او راولپنڈی نے عدالت سے ایک ہفتے کا وقت مانگ لیا۔

عدالت نے کہا کہ ایک ہفتے کے اندر شیخ رشید اور ان کے ساتھ گرفتار 2 دیگر افراد سے متعلق آگاہ کریں، آر پی او صاحب! اُمید ہے کہ آپ شیخ رشید سے متعلق اچھی پیش رفت سے آگاہ کریں گے۔

شیخ رشید کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سابق وفاقی وزیر کو راولپنڈی پولیس نے گرفتار کیا ہے، ہمارے پاس شواہد موجود ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.