عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کو مری موٹروے سے راولپنڈی پولیس نے گرفتار کرلیا، ان کے قبضے سے اسلحہ اور شراب برآمد ہوئی ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ مری پولیس نے شیخ رشید کو موٹر وے سے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں موجود ان کی رہائشگاہ کے پاس سے گرفتار کیا گیا ہے۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کے خلاف آبپارہ تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا اور اسی سلسلے میں ان کی گرفتاری عمل میں لانے کیلئے پولیس نے یہ کارروائی کی۔
پولیس کا بتانا ہے کہ شیخ رشید احمد کو نشے کی حالت میں گرفتار کیا گیا ہے اور ان کے قبضے سے شراب کی بوتل بھی برآمد ہوئی ہے، ان کو جلد میڈیکل کے لیے اسپتال لے جایا جائےگا۔
شیخ رشید احمد کے بھتیجے راشد شفیق نے جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔
راشد شفیق نے بتایا کہ شیخ رشید کو ان کی رہائشگاہ سے گرفتار کرکے لے جایا گیا ہے۔
شیخ رشید کے بھتیجے کا کہنا ہے کہ چھاپے کے موقع پر گھر کے ملازمین کو ایک کمرے میں بند کردیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ شیخ رشید کے خلاف آبپارہ تھانے میں مقدمہ درج ہے، ایف آئی آر کے مطابق شیخ رشید نے الزام لگایا ہے کہ آصف زرداری نے عمران خان کو مروانے کے لیے دہشتگردوں کی خدمات حاصل کرلی ہیں جس کا مقصد آصف زرداری کو بدنام کرنا ہے۔
Comments are closed.