سابق وزیر داخلہ، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کو اسلام آباد کچہری پہنچا دیا گیا۔
شیخ رشید کے خلاف آصف زرداری پر قتل کی سازش کا الزام لگانے کے کیس کی سماعت ہو گی۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے شیخ رشید احمد کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے دیا تھا۔
شیخ رشید پر لگائی گئی دفعات کے تحت انہیں 5 سے 7 سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔
سابق وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید پر قائم کیے گئے مقدمے میں 3 دفعات لگائی گئی ہیں، ان پر مقدمے میں 1 قابلِ ضمانت اور 2 ناقابلِ ضمانت دفعات لگائی گئی ہیں۔
قابلِ ضمانت دفعہ 120 نفرت انگیز تقریر کی ہے جس کی سزا 6 ماہ قید یا جرمانہ ہے جبکہ ناقابل ضمانت دفعہ 153 اے بغاوت پر اکسانے کی ہے جس کی سزا 5 سال قید ہے اور دوسری ناقابل ضمانت دفعہ 505 عوام کو اشتعال دلانے کی ہے جس کی سزا 7 سال قید ہے۔
واضح رہے کہ دو فروری کو عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کو گرفتار کیا گیا، ان کے قبضے سے اسلحہ اور شراب برآمد ہوئی، جس کے بعد انہیں اسلام آباد کے تھانہ آبپارہ منتقل کیا گیا۔
Comments are closed.