وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بلوچ تنظیموں اور دیگر عسکریت پسند گروپس کے گٹھ جوڑ کا اشارہ دے دیا۔
جیونیوز کے پروگرام ’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 11 جنوری کو بلوچ تنظیموں نے مل کر بی این اے بنائی ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ انہیں پردے کے پیچھے کالعدم تحریک طالبان سمیت دیگر تنظیموں کی سپورٹ بھی حاصل ہے اور داعش بھی وہاں موجود ہے۔ مزید بھی تنظیمیں ہیں جو دہشت گردی میں اضافہ کررہی ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ان تنظیموں کے بھارت سے بھی روابط ہیں اور افغانستان کے مختلف علاقوں میں ان کے کیمپس ہیں، جس کی وجہ سے پاکستان میں دہشت گردی میں اضافہ ہوگیا ہے۔
وزارت داخلہ کا الرٹ جاری
بلوچستان میں پنجگور اور نوشکی میں حملے کے بعد وزارت داخلہ نے الرٹ جاری کردیا۔
وزارت داخلہ کی جانب سے چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر کی پولیس اور سیکیورٹی اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تمام انٹیلی جنس و سیکیورٹی ادارے اور صوبائی حکومتیں غیر معمولی طور پر مستعد رہیں۔
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ایف سی کی مستعدی بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات کو ناکام بنانے میں اہم رہی۔
Comments are closed.